کسی بھی عمارت کی بنیاد ستونوں پر کھڑی ہوتی ہے۔ ان ستونوں کے ذریعے چھت، سلیب اور بیمز کو سہار ا دیا جاتا ہے۔ ستونوں کی مضبوطی اور پائیداری کسی بھی عمارت کے وجود اور اس کے قائم ودائم رہنے کے لیے بے حد ضروری ہے۔ستون مضبوطی اور پائیداری کے علاوہ جمالیاتی نقطہ نظر سے بھی بے حد اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ آرکیٹیکس اورانٹیریئر ڈیزائنرز گھر کا جمالیاتی حسن بڑھانے کے لیے جس طرح گھر کے مختلف حصوں کو استعمال میں لاتے ہیں، بالکل اسی طرح ان پلرز کو استعمال میں لانے کے کچھ ایسے تخلیقی طریقے تلاش کیے گئے ہیں، جن سے نہ صرف عمارت کی بنیاد مضبوط بنائی جاسکتی ہے بلکہ گھر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کیاجاسکتا ہے۔
پلرز اور فوکل پوائنٹ
اکثر گھروں میں پلرز ( ستون ) فوکل پوائنٹ ہوتے ہیں، خاص طور پر ان حصوں میں جو عام کمروں کی نسبت زیادہ بڑا ہو لیکن ہم اکثر اس اہم جگہ کو نظر انداز کردیتے ہیں۔ کہیں آپ کے گھر میں بھی یہ خاص فوکل پوائنٹ تو نہیں؟ اگر ہے تو اس پوائنٹ کو تلاش کرتے ہوئےیہاں فرنیچر کا استعمال کیجیے۔
لگژری آسائشات اور اضافی پلرز
باتھ روم کی ترتیب وسجاوٹ کے لیے عام طور پر ٹائلز ،وال پیپر اورخوبصورت شیشوں کا استعمال کیا جاتا ہے،تاہم اگرآپ کچھ منفرد کرنے کے حق میں ہیں تو باتھ ٹب فکس کروانے کی جگہ پر اضافی پلرز کاانتخاب کیجیے۔ یہ اضافی پلرزآپ کے باتھ ایریا کو کلاسک اور لگژری اسٹائل فراہم کریں گے، ساتھ ہی آپ کے باتھ روم کو ایک نئی شکل بھی دیں گے۔
باغبانی کا مرکز
دنیا بھر میں ان دنوں عمودی باغبانی کا ٹرینڈ عروج پر ہے۔ کہیں عمودی جنگل کی تعمیر کروائی جارہی ہے تو کہیں عمارتوں کا ایکسٹیریئر باغبانی کے منفرد طریقوں سے سجایا جارہا ہے۔ ایسے میں آپ بھی اپنے پورچ میں بنے پلرز کو کام میں لاسکتے ہیں۔ آپ اپنے پورچ،ٹیرس، بالکنی یا فرنٹ ایریا میں موجود پلرز کو باغبانی کےلیے منتخب کرتے ہوئے انھیں پودوں سے ہرا بھرا کرسکتے ہیں، IVY CLIMBING پلانٹ اس سلسلے میں ایک بہترین انتخاب ہے ۔یہ پودا ہرا بھرا رہتا ہے، اسے پلرز پر افقی اور عمودی دونوں طرح سے لگاکر گھر کے بیرونی حصے کی شان میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
پلرز کی پتھری آرائش
پلرز کو ضرورت سمجھ کر کبھی سادہ نہ چھوڑیں۔ اگر آپ کے گھر کے بیرونی حصے میں ایک یا دو پلرز موجود ہیں تو ان کے ذریعے بھی ایکسٹریئر ڈیزائنگ کو ایک نیا انداز دیا جاسکتا ہے ۔ اگر آپ صحن، برآمدہ یا سوئمنگ پول ایریا میں رسٹک ٹچ دینا چاہتے ہیں تو چوکور اسٹائل والے پلرز پر اینٹوں یا پتھروں کے ذریعے دیہی طرزِ تعمیر کو نمایاں کیا جاسکتاہے۔ پتھروں کی دیوار کے ساتھ لکڑی کے شہتیروں اور آتشدان کا استعمال بھی ان حصوں کےلیے ایک خوبصورت اضافہ ثابت ہوگا۔
پلرز کے مختلف ڈیزائن
اگر آپ ستونوں کو گھر کی سجاوٹ وآرائش کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں تو تعمیر کے دوران ستونوں کو مختلف اسٹائل دینے پر غور کریں ۔
عمارت کے ڈیزائن کے پیش نظریہ ستون چھوٹے، درمیانے یا لمبے بنائے جاتے ہیں۔ لمبے یا سیلنڈر نما ستون کی زیادہ سے زیادہ لمبائی اتنی رکھی جاتی ہے، جتنا وہ وزن سہار سکتا ہو۔ ستون مربع، مستطیل ، گول اور کثیر الاضلاع اشکال کے ہوتے ہیں۔ آر سی سی کی چھت کےنیچے ستون بھی آر سی سی کے ہی ہوتے ہیں یعنی ان کے اندر سریا اور اسٹیل راڈز کا جال ہوتاہے۔ بے شک ستون کسی بھی عمارت کو قائم و دائم رکھنے میں بہت اہمیت رکھتے ہیں لیکن اگر ہم مستطیل یا مربع ستون بنارہے ہیں تو ان کو اس طرح ڈیزائن کیا جاسکتاہے کہ ان میں طاق یا خانے بنا کر ان کو استعمال میں لایا جاسکے۔
ایشین گارڈن لک
آپ اپنے صحن یا باغ میں چار پلرز کا اضافہ کرکے اس حصے کو ایک خوبصورت سٹنگ ایریا میں تبدیل کرسکتے ہیں۔ ایشین گارڈن اسٹائل میں پلرز کے لیے لکڑی کا خاص استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ پلرز سادہ ہونے کے بجائے خانے دار یا اسٹائلش بھی ہوسکتے ہیں۔ ان پلرز کی آرائش جتنی خوبصورتی اور مہارت سے کی جائے گی، آپ کے گھر کا یہ حصہ اتنا ہی خوبصورت اور دلکش معلوم ہوگا۔
پلرز شیلف اور کیبنٹ
گھر کے جن حصوں میں دو پلرز ہوں، ان کے درمیانے یا نچلے حصے کو بک شیلف یا کیبنٹ کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ کیبنٹ یا شیلف نہ صرف آپ کو بہتر اسٹوریج فراہم کریں گے بلکہ کمرے کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کریں گے۔