جدہ میں پاکستان کے نئے قونصل جنرل خالد مجید نے اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں۔ قونصلیٹ میں قونصل جنرل خالد مجید نے افسران اور عملہ سے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کے لئے منتخب ہونے پر بہت خوش اور فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستان سے باہر بسنے والی پاکستانی کمیونٹی کی سب سے زیادہ تعداد ہے اور ہمارا اولین فرض یہ ہے کہ ہم ان کی مناسب وقار اور عزت کے ساتھ خدمت کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنا اسلام کی تعلیم ہے اور ہمیں انہی جذبات اور جذبے کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کرنی چاہئے۔خالد مجید 1969 میں پاکستان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1999 میں پاکستان کی فارن سروس میں شمولیت اختیار کی۔ اس سے قبل ، انہوں نے ملک کی مسلح افواج میں ایک دہائی تک خدمات سر انجام دیں۔
خالد مجید مختلف شعبوں میں پاکستان کی وزارت خارجہ کے ہیڈ کوارٹر میں جنوری 2000 تا جون 2004 تک سیکشن آفیسر کی حیثیت سے اور اگست 2008 سے اپریل 2010 تک ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ خالد مجید بیرون ملک پاکستانی مشنز میں مختلف سفارتی خدمات انجام دے چکے ہیں، جن میں ہیگ، لندن اور بیجنگ شامل ہیں ۔ جدہ آنے سے پہلے خالد مجید وزارت خارجہ ، اسلام آباد میں ڈائریکٹر جنرل (ہیڈ کوارٹر اینڈ فنانس) کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔