نوجوان پاکستانی کوہ پیما سعد منور اور قدرت علی نےدنیا کے بلند ترین تین پہاڑی سلسلے عبور کر کے عالمی شہرت حاصل کرلی ۔
دونوں کوہ پیماؤں نے ہمالیہ ، قراقرم اور ہندوکش کے پہاڑی سلسلوں کو سر کر کے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا ۔
سعد اور قدرت نے ہمالیہ ، قراقرم اور ہندوکش کا 23 دن میں 665 کلومیٹر پیدل سفر کیا ۔
ایک انٹرویو میں سعد کا کہنا تھا کہ یہ ایک منفرد ریکارڈ ہے ۔ اس سے پہلے دنیا میں ایسا ریکارڈ کسی کے نام نہیں ہے ۔
سعد کا اپنے اس منفرد ریکارڈ کے بارے میں کہنا تھا کہ عام طور پر کوئی بھی کوہ پیما ایک پہاڑی سلسلے پر ٹریکنگ کرتا ہے جبکہ سعد اور اُن کے ساتھی نے ایک ہی سفر میں تین بڑے پہاڑی سلسلوں پر ٹریکنگ کی جس میں پاکستان کے پہاڑی سلسلوں کے بیس کیمپ شامل ہیں ۔
دونوں کوہ پیماؤں کو بیس کیمپس تک پہنچنے کے لیے برف میں ڈھکی کئی کئی ہزار میٹر اونچائیاں، گہری کھائیاں اور خطرناک راستے عبور کرنا پڑے۔
سعد کا کہنا تھا کہ پہلے انہوں نے ہمالیہ سلسلے کے نانگا پربت بیس کیمپ سے اپنے سفر کا آغاز کیا ۔یہاں سے وہ قراقرم پہاڑی سلسلے کے بیس کیمپ راکاپوشی پہنچے آخر میں انہوں نے ہندوکش میں ترچ میر کو اپنا بیس کیمپ بنایا۔
اس ریکارڈ کے ساتھ ساتھ سعد منور نےاپنے سفرناموں پر مبنی 2 کتابیں چوگوری اورراکا پوشی کے سائے میں بھی لکھی ہیں ۔سعد کی یہ کتابیں اُن کے تجربات پر مبنی ہیں ۔
سعد منور نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے ٹیلی کمیونیکیشن انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی ہے۔