• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سری لنکاکے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے 16 رکنی ٹیم کا اعلان، 5 کھلاڑیوں کی واپسی

سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے 16 رکنی ٹیم کا اعلان


کراچی(اسٹاف رپورٹر)مصباح الحق کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی نےسری لنکا کے خلاف تین ون ڈے انٹر نیشنل میچوں کی سیریز کے لئے پاکستان ٹیم میں اوپنر عابد علی،مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد ،محمد رضوان،فاسٹ بولر عثمان شنواری اور آل راونڈر محمد نواز کو شامل کیا ہے۔

ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم سے شعیب ملک،محمد حفیظ،کو شامل نہیں کیا گیا۔شعیب ملک ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں۔فاسٹ بولر حسن علی کمر کی تکلیف میں مبتلا ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی ڈینگی سے مکمل صحت یاب نہیں ہوسکے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سال محمد حفیظ کو سینٹرل کنٹریکٹ نہیں دیا تھا۔ بعد ازاں انھیں قومی ٹیم کے کیمپ میں بھی شامل نہیں کیا گیا تھا جس سے ان کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔فٹنس مسائل میں دوچار عمرا کمل بھی سلیکٹر ز کو متاثر نہ کرسکے فہیم اشرف بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔مسلسل ناکام رہنے والے آصف علی کو ایک اور موقع دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہناہے احمد شہزاد کو ٹی ٹوئینٹی ٹیم میں جگہ ملنے کا امکان ہے۔ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان ون ڈے سیریز کے دوران کیا جائے گا۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ مصباح الحق نے بطور چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔

ہفتے کو لاہور میں پریس کانفرنس میں مصباح الحق نے سولہ رکنی ون ڈے ٹیم کا اعلان کیا۔افتخار احمد نے اب تک ایک ٹیسٹ ایک ٹی ٹوئنٹی اوردو ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے تاہم وہ آخری بار ون ڈے انٹرنیشنل چار سال پہلے 2015 میں انگلینڈ کے خلاف شارجہ میں کھیلے تھے۔

سرفراز احمد کی موجودگی میں محمد رضوان اسپیشلسٹ بیٹسمین کی حیثیت سے کھیلیں گے۔ورلڈ کپ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے والے فخر زمان کو بھی ٹیم میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مصباح الحق نے کہا کسی کو دس میچوں کی فارم کی بنیاد پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انھوں نے کہا ’اس وقت ان (فخر زمان) کی فارم کافی اچھی ہے۔کمر کے درد میں مبتلا فاسٹ بولر حسن علی کو ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔ حسن علی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ری ہیب پروگرام کا آغاز کریں گے۔

چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کے تمام اراکین سے طویل مشاورت کے بعد سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے بہترین اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم میں کم بیک کرنے والے پانچوں کھلاڑیوں کا انتخاب ان کی صلاحیتوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

پاکستانی ون ڈے ٹیم ان 16 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: سرفراز احمد ( کپتان ) امام الحق، عابدعلی، فخر زمان، بابراعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، محمد رضوان، محمد نواز، وہاب ریاض، محمد عامر، عثمان شنواری اور محمد حسنین۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تینوں ون ڈے انٹرنیشنل کراچی میں 27 ستمبر، 29 ستمبر اور دو اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

تازہ ترین