کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) ایشیا اوشیانا کوالیفائنگ رائونڈ میں شرکت کا سہانا سپنا لئے پاکستانی باکسرز اور کوچز اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے اور پی ایس بی سینٹر میں قائم باکسنگ جم کو تالا لگا دیا گیا۔ کیمپ کا آغاز گزشتہ جنوری میں ہوا تھا۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کی ناقص حکمت عملی کے باعث باکسرز چین میں تو کوالیفائنگ رائونڈ میں حصہ نہیں لے سکے ۔ باکسرز اور کوچز پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے رویئے سے انتہائی دلبرداشتہ نظر آئے۔ چین جانے سے ایک دن پہلے تک انہیں کوالیفائنگ رائونڈ میں شرکت کی نوید سنائی جاتی رہی اور کوچ تک کو یہ بتانا گوارا نہیں کیا گیا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ سے کیا بات ہوئی ہے اور ایونٹ میں جانے کے کیا چانسز ہیں۔ البتہ پی ایس بی سینٹر کے باہر گیٹ پر بینرز لگا کر مظاہرہ کرنے پر پاکستان اسپورٹس بورڈ نے دو باکسنگ کوچز کو معطل کردیا گیا ہے۔ دریں اثنا پی بی ایف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایس بی کے قواعد و ضوابط پر مکمل عمدرآمد کیا جائے گا اور ان سے تعاون کیا جائے گا۔ باکسرز یا کوچز کی جانب سے پی ایس بی کے خلاف مظاہرہ کرنے پر باکسنگ فیڈریشن اس کی شدید مذمت کرتی ہے۔