• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی ٹین کرکٹ لیگ ، لاہور قلندر کا پہلی بار شرکت کا فیصلہ

ٹی ٹین کرکٹ لیگ میں لاہور قلندرز کی ٹیم نے پہلی بار شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔سابق کپتان شاہد خان آفریدی ٹیم قلندرز کے آئی کون کھلاڑی ہوں گے۔

لاہور نے گذشتہ سال اسی گراونڈ میں ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل ٹورنامنٹ جیتا تھا۔ ٹورنامنٹ14نومبر سے شیخ زائد اسٹیڈیم ابوظہبی میں شروع ہورہا ہے، افتتاحی میچ پندرہ نومبر کو کھیلا جائے گا۔

شاہد آفریدی اس سے قبل مختلف ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔اتوار کو لاہور قلندرز کے چیئرمین رانا فواد، چیف آپریٹنگ آفیسر رانا ثمین اور چیف ایگزیکٹیو رانا عاطف نے ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے جنرل سیکریٹری عارف العوانی اور سی ای او میتھیو بائوچر اور ٹی ٹین کی سی ای او شیجی الملک نے پریس کانفرنس میں ٹورنامنٹ کی تفصیلات کا اعلان کیا۔

عارف العوانی نے کہا کہ ٹورنامنٹ ہر سال ابوظہبی میں ہوگا اور ہمارا معاہدہ 2023 تک ہے۔

رانا فواد نے کہا کہ اس گراونڈ سے ہماری خوشگوار یادیں وابستہ ہیں، ہم یہاں کلب ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔ہم نے ہمیشہ ٹیلنٹ کی تلاش میں اپنا کردار ادا کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم غیر معروف اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش میں رہتے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو عاطف رانا کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے ماضی کے منصوبوں کی طرح ایک اور بڑا قدم ہوگا، ہم ہمیشہ کھیل اور کھلاڑی کے رشتے کو مضبوط کرنے کے خواہش مند رہے ہیں اور اس مثبت سوچ نے ہمارے لیے آگے بڑھنے کے راستوں کو مزید ہموار کیا ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ لاہور قلندرز کی فیملی کا حصہ بن کر خوشی محسوس کررہا ہوں امید ہے کہ یہ فارمیٹ قلندرز کے لئے کامیاب رہے گا۔اس فارمیٹ سے اچھے آل راونڈرز ملیں گے۔

رانا عاطف نے کہا کہ عاقب جاوید اور ثمین کوشش کررہے ہیں کہ مضبوط ٹیم تیار کریں۔ دس روزہ ٹورنامنٹ میں29میچ ہوں گے۔ گذشتہ دو سال کے دوران شارجہ میں اس لیگ میں دنیا کے صف اول کے کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی۔

تازہ ترین