• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن کو بنگلہ نمبر 22 کی فکر ہے: فردوس عاشق

فردوس عاشق اعوان سیالکوٹ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے


وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوش عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کو 22کروڑ عوام اور مولانا فضل الرحمٰن کو بنگلہ نمبر 22 کی فکر ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے وزیرِ اعظم عمران خان کی کارکردگی کے حوالے سے سیالکوٹ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا ٹولہ چوروں کی آزادی کے لیے چندہ جمع کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن جب سے سیاست میں آئے ہیں 22 نمبر بنگلے پر قبضہ کیا ہوا ہے، وزیرِ اعظم عمران خان 22 کروڑ عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں جبکہ فضل الرحمٰن 22 نمبر بنگلے کے لیے بے چین ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا کو پہلی بار بنگلے سے باہر ہونے کے غم پر غش کھا کر دورے پڑ رہے ہیں، ان کی خواہش ہے کہ کسی طرح واپس جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے آج تاریخ کے سب سے بڑے ڈرامہ باز سیاستدان میاں شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قوم اور کشمیری عوام آزادی کے لیے مارچ کر رہے ہیں، یہ ٹولہ چندہ جمع کر کے چوروں کی آزادی کے لیے مار چ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں ریکارڈ ٹیکس جمع ہوا ہے جبکہ دو دو ٹکے کے لوگ ٹی وی ٹاک شوز میں کہتے ہیں کہ حکومت فیل ہو گئی۔

وزیرِ اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان کو بدلنے کے لیے سب سے پہلے آپ کی سوچ کو بدلنا پڑے گا، سوچ کو بدلنے کا سب سے مؤثر ہتھیار تعلیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’صحت و انصاف کارڈ اور احساسِ پروگرام‘ وزیرِ اعظم کی محروموں اور غریبوں کو خوش حالی کی راہ پر گامزن کرنے کا عملی اظہار ہیں، آئندہ 2 سال کے دوران صحت کارڈ ڈیڑھ کروڑ افراد میں تقسیم کر دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: ’’ڈینگی کے 50 فیصد مریضوں کا تعلق سندھ سے ہے‘‘

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ عمران خان عام آدمی کے ساتھی ہیں، اس کا معیارِ زندگی بلند دیکھنا ان کا نصب العین ہے، صحت کارڈ سے ملک میں ایک کروڑ 5 لاکھ گھرانے مستفید ہوں گے، صحت کارڈ سے سرکاری اسپتالوں میں 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک کی مالیت کا علاج مفت کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگلے 2برس کے دوران صحت کارڈ ڈیڑھ کروڑ افراد میں تقسیم کر دیے جائیں گے، احساس پروگرام کا مقصد ملک بھر سے غریبوں کو معاشی ترقی کا حصہ بنانا اور عدم مساوات کا خاتمہ ہے۔

تازہ ترین