پشاور (نیوز ڈیسک) چیف ایگزیکٹیو پسکو انجینئر ڈاکٹر محمد امجد خان کی ہدایت پر صارفین بجلی کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کے سلسلے میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ صوبہ بھر میں جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایک کھلی کچہری ایس ای مردان سرکل شاہ رس خان کی زیرنگرانی رستم سب ڈویژن میں منعقد کی گئی۔ ایس ای عوام کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ عوام نے کھل کر بجلی کے مسائل بیان کئے جن میں ناکارہ ٹرانسفارمرز کی تبدیلی‘ نئے کنکشنز‘ خطرناک تاروں کی تبدیلی‘ جرمانہ معافی‘ بجلی بلوں کی اقساط‘ خراب میٹروں کی تبدیلی‘ روڈ سے تاروں کو منتقل کرنا‘ زیادہ طاقت کے ٹرانسفارمروں کی تنصیب اور نئی آبادیوں کو بجلی مہیا کرنے جیسے مسائل کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے گئے۔ ایس ای نے کہا کہ عوام بجلی چوروں اور کنڈا مافیا کے خلاف پسکو کا ساتھ دیکر بجلی چوری کا خاتمہ ممکن بنائیں۔ ایک کھلی کچہری ایس ای سوات سرکل خالد خان کی زیرنگرانی تھانہ سب ڈویژن کے علاقے میں منعقد ہوئی۔ ایس ای سوات سرکل نے اس موقع پر کہا کہ خدمت میں عبادت ہے اس لئے خدمت کے ساتھ ساتھ عوام کی عزت بھی کریں گے۔ ایک کھلی کچہری بنوں سرکل کے زیراہتمام سپرنٹنڈنگ انجینئر بنوں سرکل کی زیر نگرانی بنوں 1 ڈویژن کے علاقے میں منعقد ہوئی جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کئے۔ ایک کھلی کچہری ایس ای پشاور سرکل سمیع اللہ بنگش کی زیرنگرانی منعقد ہوئی جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بجلی سے متعلقہ مسائل حل کروائے۔ ایک کھلی کچہری ایس ای ہزارہ 2 سرکل کی زیر نگرانی منعقد کی گئی جس میں ایکسین‘ ڈی سی ایم‘ ایس ڈی او اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں لوگوں نے سٹاف کی کمی‘ اوور لوڈڈ ٹرانسفارمروں‘ بوسیدہ تاروں‘ مکانوں کے اوپر سے گزرنے والی تاروں‘ اووربلنگ جیسے مسائل کے بارے میں درخواستیں پیش کی گئیں جن کے حل کے لئے موقع پر ہدایات جاری کی گئیں۔