کراچی(جنگ نیوز)وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو کابینہ اور قوم کے آگے جوابدہ ہونا پڑے گا کہ یو این ایچ آرسی میں 16ممالک کی حمایت کیوں نہیں ملی جبکہ 58ممالک کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ تھا، ن لیگ کے ٹکڑے ہوگئے ہیں صرف سامنے سے جڑی ہوئی ہے، اب این آر او حکومت یا کسی اور سے نہیں مانگا جارہا دونوں بھائی ایک دوسرے کوا ین آر او دینے کی بات کررہے ہیں، مولانا فضل الرحمن کو آج وزارت دیدیں عمران خان سب سے بہترین وزیراعظم ہوگا۔
وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما سینیٹر مصدق ملک اور وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی بھی شریک تھے۔
سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ حکومتی رویہ دیکھیں احتساب نہیں انتقام کی بات ہورہی ہے، کشمیر پر عمل کا وقت آگیا صرف خط و کتابت سے کام نہیں چلے گا، سیاسی حکومت کی بھی وہی آواز ہونی چاہئے جو عسکری قیادت کی ہے ۔
سعید غنی نے کہا کہ وزیراعظم کشمیر کا کیس بہترطور پر پیش کرسکتے تھے لیکن ان کی توجہ اندرون ملک اپوزیشن کیخلاف رہی، آصف زرداری کو جیل سے باہر آنے کی کوئی جلدی نہیں ہے، انہوں نے ابھی تک ضمانت کی درخواست بھی جمع نہیں کرائی ہے۔
وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈانے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی اور آر ایس ایس دراصل ہٹلر کی آئیڈیالوجی پر چلنے والا دہشتگرد ذہن کا آدمی ہے، عالمی برادری کی سوچ غلط ہے کہ جنگ صرف دو ملکوں میں ہوگی، پاکستان نے ایٹم بم پھلجڑیاں چھوڑنے کیلئے نہیں رکھا ہوا ہے، ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں جانوروں کو مات کردیا ہے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کسی معاملہ پر وہی بات کرتے ہیں جو متعلقہ وزیر انہیں بریف کرتے ہیں، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو کابینہ اور قوم کے آگے جوابدہ ہونا پڑے گا کہ یو این ایچ آرسی میں 16ممالک کی حمایت کیوں نہیں ملی جبکہ 58ممالک کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ تھا.
اپوزیشن کہتی ہے پہلے این آر او دو پھر کشمیر کی بات ہوگی، کشمیر پر اپوزیشن کا ساتھ چاہتے ہیں لیکن اس کی وجہ سے این آر او نہیں ملے گا، قانون کے تحت پروڈکشن آرڈر جاری کرنا اسپیکر کا استحقاق ہے، اسپیکر غیرجانبدار ہیں مناسب سمجھیں گے تو پروڈکشن آرڈر جاری کریں گے، پروڈکشن آرڈر مانگا اپوزیشن کا حق ہے دینا نہ دینا اسپیکر کا حق ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ن لیگ کے ٹکڑے ہوگئے ہیں صرف سامنے سے جڑی ہوئی ہے، اب این آر او حکومت یا کسی اور سے نہیں مانگا جارہا ، اب شہباز شریف اور نواز شریف ایک دوسرے کوا ین آر او دینے کی بات کررہے ہیں، بڑا بھائی چھوٹے بھائی کو کہتا ہے میں بیٹی کے اقتدار پر تمہیں قربان کردوں گا، نواز شریف این آر او مانگ رہا ہے لیکن شہباز شریف کی کچھ شرائط ہیں، اب حکومت یا عدالت کا نہیں دو بھائیوں کا جھگڑا ہے، مصدق ملک جس گروپ میں تھے اسے چھوڑ کر شہباز شریف کے گروپ میں چلے جائیں ورنہ نقصان ہوجائے گا۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ اپوزیشن قیادت نے کشمیر کو اپنے معاملات سے نتھی کردیا ہے، مولانا فضل الرحمن کشمیر فتح کرنے نہیں اسلام آبا دلاک ڈاؤن کرنے آرہے ہیں، مولانا فضل الرحمن کو آج وزارت دیدیں عمران خان سب سے بہترین وزیراعظم ہوگا، ٹیکس دہندگان کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے، عمران خان کسی صورت این آر او نہیں دیں گے،ایک صورت ہے کہ پلی بارگین کریں پیسے دیں اور باہر چلے جائیں، اس پر بھی وزیراعظم عمران خان کو منایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے رہنما وزیراعظم عمران خان پر تکیہ کرتے ہیں، بجٹ اجلاس ہو یا چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد ہو ن لیگ کے لوگوں نے ہمارا ساتھ دیا، مولانا فضل الرحمن کو نواز شریف فنڈ کررہے ہیں، سیاسی جماعتیں کشمیر مارچ کیوں نہیں کرتیں ہم بھی جانے کیلئے تیار ہیں۔
ن لیگ کے رہنما سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ ٹرمپ نے خود کو نہ صرف بھارت کا بلکہ ہندوؤوں کادوست قرار دیدیا ہے، عمران خان پچھلے دورئہ امریکا میں جو ورلڈکپ جیت کر آئے تھے وہ کون سا تھا، یہاں بغلیں بجائی گئیں کہ عمران خان نے تاریخ کا کامیاب ترین دورہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا سے ہمارے تعلقات ساتواں بحری بیڑہ بنتا جارہا ہے جس کا ہم انتظار ہی کرتے رہیں گے۔ سینیٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملہ پر عمل کرنے کا وقت آگیا ،صرف خط و کتابت سے کام نہیں چلے گا حکومت ہندوستان کیخلاف سخت موقف اختیار کرے۔