• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر ہماری روح کا حصہ ہے، آرمی چیف


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیر ہماری روح کا حصہ ہے، مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل ہونا چاہیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آزاد کشمیر کے مختلف تعلیمی اداروں اور یوتھ اسمبلی سے تعلق رکھنے والے طالب علموں سے ملاقات کی اور ان سے خطاب کیا۔

طلبا سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کشمیر ہماری روح کا حصہ ہے، یہ محض جغرافیائی تنازع نہیں بلکہ کشمیریوں سے ہماری محبت کا معاملہ بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر میں جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا اور مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پر ظلم و جبر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بدترین مثالیں ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں کبھی مایوس نہیں کریں گے۔

آرمی چیف نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ ہمیشہ تیار رہیں، محنت کریں اور ملکی قیادت اور خود پر یقین رکھیں کیوں کہ آپ کی کامیابی ہی پاکستان کی کامیابی ہے۔

اس موقع پر طالب عملوں نے کہا کہ ایل او اسی کے دونوں اطراف بسنے والے کشمیری پاکستانی ہیں اور ہمیشہ پاکستانی ہی رہیں گے۔

تازہ ترین