کراچی(جنگ نیوز)پروگرام ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا تھا لیکن وزیراعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے بھارت کے جھوٹ کا پردہ چاک کر دیاہے۔ کشمیری رہنما مشال ملک نے کہا کہ کشمیری آزادی سے کم پر کبھی راضی نہیں ہوں گے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرا کے کشمیریوں کو ان کا حق دلایا جائے۔ماہر تعلیم سید عابدی نے کہا کہ مختلف نظام تعلیم سے معاشرتی برابری قائم نہیں ہوسکتی مہنگے اسکول میں پڑھنے والا بہت آگے ہے سرکاری اسکولوں اور مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے بچے بہت پیچھے ہیں۔حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 2020تک پانچویں جماعت تک یکساں نصاب نافذ ہوجائے گااور آٹھویں تک بھی یکساں مضمون ہوں گے جس سے بہت بہتر اثرپڑے گا۔ پروگرام میں گلوکار منیرحسین کو ان کی 24ویں برسی پر یاد کیاگیا ۔کے الیکٹرک کی ہیڈآف کارپوریٹ کمیونیکیشن نورافشاں نے کہا کہ کنڈے کی وجہ سے تار ٹوٹتے اور حادثات ہوتے ہیں غیر قانونی گلی محلوں کی لائٹوں کے کنڈے ختم کئے ہیں انٹرنیٹ اور کیبل کے تار بھی ہمارے سسٹم پر لگا دیئے جاتے ہیں جس سے شارٹ سرکٹ ہوتے ہیں ۔