• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ صحت ڈینگی پر قابو پانے میں ناکام، 2 افرادمیں وائرس کی تصدیق

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) محکمہ صحت ڈینگی پر قابو پانے میں ناکام، سول ا سپتا ل میں رینجرز اہلکار سمیت 2 افرادمیں ڈینگی ہونے کی تصدیق ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ بشمول حیدرآباد ریجن میں ڈینگی کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے مگر حکومت سندھ کے متعلقہ ادارے ڈینگی مچھر مارنے کے اسپرے اور دیگر اقدامات سے قاصر ہیں جس کی وجہ سے سول اسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ جنگ کو موصول ہونے والی معلومات کے مطابق سول ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے 30 سالہ قاسم اور 45سالہ اشرف میں ڈینگی کا مرض لاحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق 30سالہ قاسم رینجرز کا اہلکار اور جعفرآباد کا رہائشی ہے جس کو 2 روز قبل تیز بخار ہونے کی شکایت پر اسپتال لایا گیا جہاں پر ٹیسٹ کرانے کے بعد مذکورہ اہلکار کو ڈینگی کا مرض ہونے کی تصدیق ہوئی، دوسری جانب لطیف آباد نمبر 8 کے 45 سالہ مزدور اشرف کو 5 روز سے تیز بخار تھا جس کے پیش نظر ورثاءاس کو اسپتال لے آئے جہاں پر لیبارٹری ٹیسٹ کرانے کے بعد مذکورہ مزدور کو ڈینگی کا مرض لاحق ہونے کی نشاندہی ہوئی۔ جنگ کے رابط کرنے پر ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر مبین نے کہا کہ مذکورہ ڈینگی کے مریض کراچی نارتھ ناظم آباد میں کام کرتے ہیں اور ان کو لاحق ہونے والی بیماری کی ہسٹری بھی وہیں سے شروع ہوتی ہے البتہ ڈینگی کے مرض سے لاحق مریضوں کا بہتر علاج کیا جارہا ہے، دوسری جانب مون سون بارشں کا پانی ابھی تک گلی محلوں میں جمع ہونے کی وجہ سے مچھروں کی بہتات کے باعث بھی ڈینگی سے شہری متاثر ہورہے ہیں مگر ملیریا کنٹرول ڈپارٹمنٹ، بلدیہ اعلیٰ اور دیگر حکام مچھر مار اسپرے کرانے سے قاصر ہیں۔

تازہ ترین