• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رواں برس 85ہزار زائرین کوئٹہ، تافتان کے ذریعے عراق پہنچیں گے

کراچی (اسد ابن حسن) رواں برس اہل تشیع زائرین کوئٹہ تافتان کے ذریعے اربعین (چہلم) حضرت امام حسینؓ گزارنے کیلئے گزشتہ برسوں کی بہ نسبت 85؍ ہزار کی تعداد میں جائیں گے جس کے لیے ایف آئی اے حکام نے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ اس بات کی تصدیق ایڈیشنل ڈائریکٹر امیگریشن عباس بلوچ نے کی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی برسوں سے زمینی راستے کوئٹہ، تافتان کے ذریعے عراق جانے والے زائرین کی تعداد میں برابر اضافہ ہورہا تھا اور ماضی میں امیگریشن کے حوالے سے کئی ناخوشگوار واقعات بھی دیکھنے میں آئے۔ ماضی میں محرم میں عاشورہ اور پھر اربعین عراق میں گزارنے کے لیے مذکورہ روٹ سے تقریباً چالیس ہزار زائرین سفر کرتے رہے ہیں او، ان زائرین کو کوئٹہ سے بسوں کے قافلے جس کو فرنٹیئر پولیس اور مقامی پولیس کے پہرے میں تافتان لایا جاتا ہے، ان زائرین کیلئے 10کاؤنٹرز ہوتے تھے جس پر لمبی لمبی قطاریں لگ جاتی تھیں اور تلخ کلامی کے واقعات بھی ہوتے تھے جبکہ امیگریشن بلڈنگ بھی بہت مختصر تھی۔ مگر حال ہی میں بہت سے بہتر اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ’’جنگ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر عباس بلوچ نے بتایا کہ مختلف محکموں سے رابطہ کرکے امیگریشن کیلئے ایک نئی عمارت حاصل کی اور امیگریشن عملے کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا اور اب 20کاؤنٹر پر امیگریشن کیا جارہا ہے جس سے زائرین کو بہت جلد کلیئرنس دے دی جاتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں زائرین کی تعداد 50ہزار تک ہوتی تھی مگر اس برس یہ تعداد 85ہزار ہوجائے گی اور تمام کام سہولت سے پایہ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں۔
تازہ ترین