• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاپتا افراد کے لواحقین کے مظاہرے ،شاہ محمود کے گھر کے باہر دھرنا

ملتان (سٹاف رپورٹر)جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے زیراہتمام گزشتہ روز وفاق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گھرکے باہر احتجاجی مظاہر ہ اور دھرنا دیا گیا ،ملتان سمیت لاہور،کراچی اور اسلام آباد میں خانوادگان اسیران ملت جعفریہ کی جانب سے جبری لاپتا ہونے والے افراد کی بازیابی کے لئے احتجاجی مظاہرے،ریلیاں اور دھرنے دئیے گئے۔ ملتان میں بھی وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے گھر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ دھرنے میں جنوبی پنجاب بھر سے لاپتاافراد کے لواحقین نے شرکت کی جنہوں نے اپنے لاپتا پیاروں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ دھرنے میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد موجود ہے جنہوں نے علم حضرت عباس اور قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔دھرنے کے شرکاء نے پاکستانی پرچم اٹھائے ہوئے حکومت،آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور چیف جسٹس سے اپنے لاپتا افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے لاپتہ افراد کے لواحقین کا کہنا تھا کہ ہم اس ملک کے پرامن اور محب وطن شہری ہیں ہمیں انصاف فراہم کیا جائے ۔ لاپتہ افراد کے لواحقین نے کہا کہ اگر ہمارے بیٹے گناہگار ہیں تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے ۔کشمیری مسلمانوں کے لیے انصاف مانگنے والے پہلے اپنے شہریوں کو انصاف فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون توڑنے والوں کا پیچھا کریں جو لوگ ماورائے قانون قدم اٹھاتے ہیں ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔ ہمارے آباواجداد نے اس ملک کے لیے قربانیاں دیں ہیں آج بانیان پاکستان کی اولادیں انصاف مانگنے کے لئے سڑکوں پر موجود ہیں ۔ہمارا پرامن احتجاج ہماری حب الوطنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
تازہ ترین