کراچی میں ساتھیوں کی گرفتاری پر خواجہ سراؤں نے درخشاں تھانے پر حملہ کردیا، پولیس نے 21 خواجہ سراؤں کو گرفتار کرلیا۔
ڈیفنس، بدر کمرشل میں درخشاں پولیس نے شہریوں کی شکایت پر خواجہ سراؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 13 کو گرفتار کرکے تھانہ منتقل کیا تھا۔
گرفتارخواجہ سراؤں کے ساتھیوں نے گرفتاری کے خلاف درخشاں تھانے میں احتجاج کیا اور تھانے میں توڑ پھوڑ کی۔
خواجہ سراؤں نے تھانے کی کھڑکیوں،دروازوں کو توڑ دیا اور شدید ہنگامہ آرائی کی۔
پولیس نے درخشاں پولیس اسٹیشن میں ہنگامہ آرائی کرنے والے 8 خواجہ سراؤں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
شہری قیصر مسعود ملک نے 2 روز قبل مقدمہ درج کرایا تھا کہ خواجہ سرا بدر کمرشل پر فحاشی پھیلارہے ہیں اور جب انہیں منع کیا گیا تو انہوں نے ڈنڈوں اور اسلحہ سے ان پر حملہ کرنے اور جان سے مارنے کی کوشش بھی کی۔
خواجہ سراؤں کی تھانے میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ معمول بنتی جارہی ہے، اس سے قبل پیرآباد اور کلفٹن تھانہ میں بھی خواجہ سرا ہنگامہ آرائی کرچکے ہیں۔