وزیراعظم عمران خان نے انتہائی اہم امور پرپارٹی کے اہم رہنما بابر اعوان سے مشاورت کی۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں دورہ امریکا، منی لانڈرنگ، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تقریر، موثر پیغام سازی کے ذرائع اور مشترکہ ٹی وی چینل جیسے امور پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم ہاوس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق بابراعوان سے ملاقات میں عمران خان نے منی لانڈرنگ سے متعلق قانون سازی پر مشاورت کی۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں موثر پیغام کی پوری دنیا میں تشہیر کے جدید طریقوں، پاکستان، ترکی اور ملائیشیا کے مشترکہ ٹی وی چینل بنانے کے طریقے پر بھی بات چیت ہوئی۔
بابراعوان نے وزیراعظم کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تاریخی تقریر کرنے پر مبارکباد دی اور کہاکہ نائن الیون کے بعد آپ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے اسلام و فوبیا پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے مزید کہاکہ بین الاقوامی میڈیا نے تقریر کے اہم نکات کو نمایاں انداز میں نشرکیا جبکہ عالمی برادری نے وزیراعظم کی تقریر پر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے دوران گفتگو کہا کہ موجودہ حکومت نے منی لانڈرنگ کے ممکنہ ذرائع روک دیے ہیں، منی لانڈرنگ سےمتعلق قوانین کی درستی کےلیے ترمیم ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ چینل کےذریعے اسلام فوبیا سے جنم لینے والے مسائل کا تدارک ممکن ہوسکے گا، عالمی سطح پر اسلام کا تشخص بہتر بنانے کےلئے ٹی وی چینل کا قیام ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے دورہ امریکا کے دوران کیے گئے اہم فیصلوں پر عمل درآمد سے متعلق مشاورت بھی کی اور اس دوران حاصل ہونے والی سفارتی کامیابیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔