• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طبی طور پر صحت مند قرار دی گئی خاتون کو گرفتار کرکے کیئر ہوم منتقل کردیا گیا

طبی طور پر صحت مند قرار دیے جانے کے باوجود 18ماہ اسپتال کے بستر پر گزارنے والی خاتون کو گرفتار کرکے کیئر ہوم منتقل کر دیا گیا۔

این ایچ ایس کی جانب سے خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے بعد اسے گرفتار کرکے کیئر ہوم میں بھیج دیا گیا۔

 35 سالہ جیسی نے 14 اپریل 2023 کو سیلولائٹس کے علاج کےلیے پہنچنے کے بعد نارتھمپٹن جنرل اسپتال میں 550 دن گزارے، اپریل کے آخر تک ڈاکٹروں نے اسے طبی طور پر فٹ قرار دے دیا مگر اس کےلیے جانے کی کوئی جگہ نہیں تھی کیونکہ نرسنگ ہوم مزید اس کی ضروریات کو پورا نہیں کر سکتا تھا۔

جیسی کا کیس ہائی کورٹ میں چلا گیا تھا اس کی دیکھ بھال کےلیے ذمہ دار کونسل نارتھ نارتھمپٹن شائر کونسل، اس کے رویے کے بارے میں جاری تحقیقات کے بارے میں چپ سادھے ہوئے ہے جس میں مبینہ واقعات جیسے اس کی بے دخلی سے قبل جارحانہ ای میلز بھیجنا شامل ہے۔

اس دوران اسپتال نے اصرار کیا کہ جیسی کا لمبا قیام اب جائز نہیں رہا، 18 ماہ اسپتال میں رہنے کے بعد، جیسی کو پولیس نے 14 اکتوبر 2024 کو گرفتار کر لیا اور قریبی قصبے میں ایک کیئر ہوم لے جایا گیا۔

اس کی قانونی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ کونسل نے تقریباً 120 نگہداشت کے مقامات کی چھان بین کی لیکن اسے صرف ایک کیئر ہوم کی پیشکش کی گئی یہ قریبی قصبے میں ایک معاون رہائشی فلیٹ تھا جس میں دو افراد پر مشتمل نگہداشت عملہ شروع میں 24 گھنٹے موجود رہتا۔

جیسی کا کیس سماجی نگہداشت کے نظام میں دراڑیں اجاگر کرنے والے بہت سے لوگوں میں سے ایک ہے، 2025 کے آغاز میں سرکاری اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ برطانیہ کے 1 لاکھ اسپتالوں کے بستروں میں سے تقریباً 13ہزار پر ایسے مریضوں کا قبضہ تھا جن کے اسپتال میں رہنے کی کوئی طبی وجہ نہیں تھی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید