اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ احتجاج کرنا مولانا فضل الرحمان کاحق ہے مگراس کیلئے 27اکتوبر کی تاریخ مناسب نہیں ‘ مولانا صاحب فیصلے پر نظرثانی کریں‘ا ن کے احتجاج سے بھارت کے بیانیے کو تقویت ملے گی‘
27اکتوبر کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا تھا ۔دوسری جانب جمعیت علماء اسلام (ف) نے 27اکتوبر کو آزادی مارچ ملتوی کرنے کی حکومتی اپیل کو مسترد کردیا‘
پارٹی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری کی جانب سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی پرواضح کیا گیا ہے کہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 27اکتوبر کا دن چنا گیاہے‘ جو کام حکومت کوکرنا تھا وہ جے یو آئی کو کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہاکہ 27 اکتوبر کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا ، کشمیری 27 اکتوبر کو یوم سیاہ مناتے ہیں‘
مولانا صاحب کی احتجاج کی تاریخ سے کشمیرکاز کو نقصان پہنچے گا۔مجھے یقین ہے مولانا صاحب میری اپیل پر غور فرمائیں گے ۔
ادھر جمعیت علماء اسلام (ف) نے 27اکتوبر کو آزادی مارچ ملتوی کرنے کی حکومتی اپیل کو مسترد کردیا۔