لاہور(نمائندہ جنگ) لاہور میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کشمیر بچاؤ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی اور ٹرمپ دونوں چکر بار ہیں ہمیں کشمیر پر امریکی ثالثی قبول نہیں ہے۔عوام مقابلے کیلئے تیار،خود کو ٹیپو سلطان کہنے والے باہر نہیں نکل رہے،وزیراعظم کی یو این تقریر کو 9دن ہوگئے کشمیر سے کرفیو نہیں اٹھایا جا رہا،کوئی قیدی ابھی تک رہا نہیں ہوا،عوام بھارت سے مقابلے کیلئے تیار ہے لیکن خود کو ٹیپو سلطان کہنے والے باہر نہیں نکل رہے۔
خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی یو این میں کی گئی تقریر کے الفاظ ان کا پیچھا کررہے ہیں تقریر کو 9 دن گزر گئے لیکن کشمیر سے کوئی کرفیو نہیں اٹھا، کوئی قیدی رہا نہیں ہوا، بسترمرگ پر موجود یاسین ملک، سید علی گیلانی، شبیر شاہ اور حریت قیادت باہر نہیں آسکے، کئی کشمیری اپنے گھروں میں شہید ہوچکے اور انہیں دفنانے کی بھی اجازت نہیں ہے، کشمیری سرینگر میں پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کرنا مودی کی الیکشن مہم کا حصہ تھا اور ساری دنیا جانتی ہے مودی کا اگلا ایجنڈا پاکستان ہے۔حکمران بزدل ہوچکے ہیں اور عمران خان نے امریکا کے ڈر سے عافیہ صدیقی کی رہائی کی بھی بات نہیں کی۔ حکومت نے معیشت،سیاست اور عدالتوں کا بیڑا غرق کردیا ہے۔امیر جماعت کا کہنا تھا کہ دنیا کا کونسا ملک ہے جو مذاکرات سے آزاد ہوا ہے۔ نریندر مودی کا ایجنڈا مسلمانوں اور پاکستان کے خلاف ہے، مودی نے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا، بابری مسجد کو شہید اور اب مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو ختم کر کے کشمیریوں سے ان کی آزادی اور شناخت چھین لی۔ نریندر مودی کا انتخابی نعرہ تھا ہمارے حکمرانوں کو خبر کیوں نہ ہو۔