اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کی اپیل کی سماعت میں عدالت کے روبرو سوال اٹھایاگیا ہے کہ جب اسلام آباد ہائیکورٹ نے 12 جولائی کو جج ارشد ملک کی اپنے محکمے میں واپسی کا حکم دیاتھا تو نالائق حکومت نے 22 اگست تک وزارت قانون میں کیوں روکے رکھا؟ جہاں بیٹھ کر انہوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پرچے درج کرائے، کینسر مریضوں اور عوام کی مفت ادویات اور ٹیسٹ بند کرکے عمران خان کون سی فلاحی ریاست بنارہے ہیں؟
حکومتی نالائقی سے بیروزگار ہونے والوں کیلئے لنگر خانہ کھولنے پر سیلانی ٹرسٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔نوازشریف کی العزیزیہ کیس میں دائر اپیل کی سماعت کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ نواز شریف کی اپیل میں جج ویڈیو پر سنجیدہ سوال اٹھائے ہیں۔