• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے فور منصوبہ نیسپاک کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا، وزیر بلدیات

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ کے فور منصوبہ نیسپاک کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا،دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ارسا کے ذریعے پانی کی تقسیم کے بعد سندھ کو مسائل کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو سندھ اسمبلی میں ایک پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 1991کے آبی معاہدے پر مکمل عمل درآمد نہیں کیاجارہا، 2000سے لیکر آج تک سندھ سے ارسا کے لیے ممبر کا تقرر نہیں کیا گیا ،وفاق کا ممبر ہمیشہ سندھ سے ہوتا رہا ہے،اکتوبر 2017سے ارسا میں وفاق کے نمائندے کی نشست خالی ہے، میں اسمبلی کا شکرگزار ہوں کہ اس نے کے سی آر پر ایک اہم قرارداد منظور کی وہ ہم نے وفاقی حکومت کو بھیج دی ہے،مراد علی شاہ نے کہا کہ پانی کی تقسیم کا مسئلہ ایوان کے سامنے رکھنا چاہتاہوں،ارسا کے ذریعے پانی کی تقسیم کے بعد سندھ کو مسائل کا سامنا ہے،ارسا میں سندھ سے ممبر ہوناچاہیے،انہوں نے کہا کہ طے کیاگیاتھا کہ ارسا میں وفاق کا نمائندہ سندھ سے ہوگا،ارسا میں وفاق کے نمائندے کی مدت ختم ہوئی تو سندھ نے اپنی تجویز وفاقی حکومت کو ارسال کی، وزیراعظم کو ارسا میں وفاق کے نمائندے کے لئے کو خط لکھا ہے ، ارسا میں وفاق کے نمائندے کے لئے سندھ کے نمائندے کے بجائے براہ راست تقرر کیاگیا۔مراد علی شاہ نے یاد دلایا کہ دور آمریت میں بھی ارسا میں سندھ کا نمائندہ رہاہے ،آج سندھ کے ساتھ ناانصافی کیوں ہورہی ہے؟۔دوسری جانب منگل کو سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن عدیل احمد کی جانب سے کے فور منصوبے کی عدم تکمیل کے حوالے سے پیش کردہ ایک نجی قرارداد پر سندھ حکومت کا مؤقف پیش کرتے ہوئےوزیربلدیات سندھ نے کہاہےکہ نیسپاک کی وجہ سے کے 4منصوبہ تاخیر کا شکارہوا،کے فور منصوبے کو بند نہیں کیاجارہا ،پینے کا پانی شہریوں کی ضرورت ہے ،سندھ حکومت اس منصوبے پر اب بھی سنجیدگی سے کام کررہی ہے۔
تازہ ترین