کچن میں موجود اشیائے خورونوش اور ہرا مسالہ تا دیر استعمال کی غرض سے فریج میں رکھ دیا جاتا ہے، کچھ پھل، سبزیاں اور دیگر غذائیں ایسی ہوتی ہیں جنہیں فریج میں رکھنے سے گریز کرنا چاہیے۔
کھیرا
پانی سے بھرپور سبزی کھیرا فریج میں رکھنے سےبہت جلد مرجھا جاتا ہے، فریج میں رکھنے سے کھیرے کا چھلکا سکڑ جاتا ہے جس سے اس کی تازگی جلد ہی ختم ہو جاتی ہے۔
مختلف اقسام کے تیل
کسی بھی قسم کا تیل فریج میں رکھنے سے اپنی اصلی حالت کھو دیتا ہے اور گاڑھا ہو جاتا ہے ، فریج میں تیل رکھنے سے اس میں نمی بھی آجا تی ہے۔
ڈرائی فروٹ
ڈرائی فروٹ کو نمی اور ٹھنڈ سے محفوظ خشک مقام پر رکھنا چا ہیے اور جلدی استعمال کر نا چاہیے، تا دیر اور فریج میں محفوظ کرنے سے ڈرائی فروٹ میں نمی آ جاتی ہے اور غذائیت پر بھی منفی اثر پڑتا ہے۔
لہسن
لہسن ایک خشک مسالہ جات ہے، فریج میں رکھنے سے بہت جلد سکڑ جاتا ہے، لہسن کو ٹھنڈ میں رکھنے کے بجائے کچن میں عام درجہ حرارت میں رکھنا چاہئے جس سے لہسن تا دیر تازہ رہتا ہے۔
پروسیسیڈ چٹنیاں
ہاٹ، چلی، گارلک ساس اور کیچ اپ وغیرہ جیسی چٹنیوں کو فریج کے بجائے کچن کیبنٹ میں رکھناچاہیے ، اس میں موجود سرکا تا دیر تازہ اور محفوظ رکھنے کے لیے کافی ہوتا ہے، خراب ہونے کے ڈر سے ان چٹنیوں کو فریج کے بجائے باہر ہی رکھنا مناسب ہے۔
کافی اور پتی
کافی اور چائے کی پتی کو فریج کے بجائے کچن میں رکھنا چاہیے، فریج میں ٹھنڈ کے نتیجے میں ان میں نمی پیدا ہو سکتی ہے جس سے کافی اور چائے کی پتی جم سکتی ہے، ان دونوں اجزا کے ڈھکن مضبوطی سے بند کر کے کچن کے درجہ حرارت پر ہی محفوظ کرنا چاہیے۔
کیلے
کیلا ایک نہات نرم پھل ہے جو جلدی خراب ہو جاتا ہے، فریج میں کیلے رکھنے سے کیلے کے چھلکے مرجھا کر پھل کو چھوڑ دیتے ہیں جس کے نتیجے میں یہ پھل بہت جلدی خراب ہو سکتا ہے، لہذا کیلے کو ہر گز فریج میں نہ رکھیں۔
آلو
آلو فریج میں رکھنے سے بہت جلد خراب اور مرجھا سکتے ہیں، آلو میں موجود اسٹارچ فریج میں رکھنے سے شکر میں بدل جاتا ہے جس کے باعث آلو پکانے میں میٹھے یا بے ذائقہ محسوس ہوتے ہیں۔
سیب
سیب ایک خستہ پھل ہے جو تازہ ہی اچھا لگتا ہے، فریج میں رکھنے سے سیب کی تازگی ختم ہو جاتی ہے اور اس میں موجود رس بھی خشک ہو جاتا ہے جس کے بعد سیب کا استعمال مشکل ہو جاتا ہے۔
ٹماٹر
کچھ گھروں میں ٹماٹر کچن میں رکھنے کے بجائے فریج میں رکھنا معمول کی بات ہے، اس عادت کوفوراً ترک کر دیں کیوں کہ ٹماٹر پانی سے بھر پورہوتا ہے، فریج میں رکھنے سے اس میں اضافی پانی آ جاتا ہے جس سے ٹماٹروں میں ایک عجیب سی بو پیدا ہو جاتی ہے، ٹماٹر فریج میں رکھنے سے گل بھی سکتے ہیں۔
ڈبل روٹی
ڈبل روٹی کچن کے درجہ حرارت میں کیبنٹ میں رکھا جا سکتا ہے، فریج میں رکھنے سے ڈبل روٹی میں موجود نمی متاثر ہوتی جس کے نتیجے میں ڈبل روٹی سوکھ جاتی ہے جس سے اسے دوبارہ استعمال میں لانا مشکل ہو سکتا ہے۔
خربوزہ
خربوزہ میں اینٹی آکسیڈنٹ جز پایا جاتا ہے ، فریج میں رکھنے کے نتیجے میں اینٹی آکسیڈنٹ جز متاثر ہوتا ہے اور خربوزے کی غذائیت متاثر ہوتی ہے، اس لیے خربوزے کو فریج میں محفوظ کرنا عقلمندی نہیں ہے۔
چاکلیٹ اسپریڈ
بچوں میں نہایت مقبول چاکلیٹ اسپریڈ کو فرئج میں رکھنے کے بجائے اسے مضبوطی سے بند کر کے کمرے میں ہی رکھنا چاہیے، فریج میں رکھنے سے چاکلیٹ اسپریڈ سخت یا جم جاتا ہے جس کے باعث اس کا ستعمال مشکل ہو جاتا ہے۔