• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرا ٹی ٹوئنٹی: سری لنکا کا پاکستان کو جیت کیلئے 148 رنز کا ہدف

پاکستان کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے اوشاکا فرنینڈو کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دے دیا۔ 

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں سری لنکا کے کپتان دسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 

پاکستانی بولرز نے سری لنکن کھلاڑیوں کو ابتدا میں ہی دباؤ میں لیے رکھا  اور اسکور کو تیزی سے بڑھنے نہ دیا۔ 

محمد عامر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 کے مجموعے پر 8 رنز بنانے والے گناتھیکالا کو بولڈ کردیا۔ 

سری لنکا کا اسکور 28 تک پہنچا تو عماد وسیم نے سماراوکراما کو آؤٹ کرکے اسے دوسرا نقصان پہنچایا۔ 

محمد عامر نے دوسری طرف سے دباؤ برقرار رکھا اور گزشتہ میچ کے ہیرو بھانوکا راجا پکسے کو آؤٹ کرکے سری لنکا کو مزید مشکلات سے دوچار کردیا۔

ایسے میں اوشادا فرنینڈو سری لنکا کے لیے مرد بحران بن گئے اور ایک جانب سے وکٹیں گرنے کے باوجود دوسرے اینڈ پر اپنی وکٹ کو سنبھال کر رکھا جس کے بدولت سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔

اوشادا فرنینڈو نے 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ 

پاکستان کی جانب سے محمد عامر 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ عماد وسیم وہاب ریاض نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

لاہور میں کھیلا جانے والا یہ میچ سری لنکا کے لیے اہمیت کا حامل نہیں جبکہ پاکستانی ٹیم سیریز میں وائٹ واش سے بچنے کے لیے میدان میں اتری۔ 

میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، احمد شہزاد، عمر اکمل اور محمد حسنین کی جگہ حارث سہیل، افتخار احمد اور عثمان شنواری کو شامل کیا گیا۔

مہمان ٹیم نے قومی ٹیم کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 64 رنز سے شکست دے کر دورے پر اپنی پہلی کامیابی حاصل کی تھی۔

پہلے میچ کی طرح سیریز کے دوسرے میچ میں بھی سری لنکا نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 35 رنز سے شکست دے کر 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ کسی ٹیم نے گرین شرٹس کو اسی کی اپنی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دی۔

تازہ ترین