• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این آئی سی وی ڈی، مصنوعی دل پروگرام بند، 40کروڑ کا سامان سڑنے لگا

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراض قلب میں مصنوعی دل (ایل ویڈ ڈیوائس) لگانے کا پروگرام بند ہوگیا، ایک سال گزرنے کے باوجود کسی مریض کو مصنوعی دل نہیں لگایا گیا جبکہ اس مقصدکےلئے خریدا گیا تقریباً 40کروڑ روپے کا سامان بھی اسٹور میں پڑا سڑنے لگا، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نیم طبی عملے کی تربیت تک پروگرام عارضی طور پر بند کیا گیا ہے ، عملے کی تربیت مکمل ہونے پر مصنوعی دل لگانے کا پروگرام دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔ پروگرام کے تحت گزشتہ سال 5 مریضوں کو مصنوعی دل لگایا گیا جسے اسپتال انتظامیہ نے کامیاب قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ آئندہ سال دل کی پیوندکاری بھی کی جائے گی تاہم تین مریض چند ہفتوں کے اندر انتقال کر گئے جس کے بعد دل کی پیوندکاری تو ایک طرف اس پروگرام کو بھی بند کر دیا گیا۔ نمائندہ جنگ کے رابطہ کرنےپر اسپتال کے ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے بتایا کہ اس پروگرام کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے تاکہ نیم طبی عملے کو تربیت دی جا سکے اور وہ ایسے مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کر سکیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جیسے ہی عملے کی تربیت مکمل ہوگی مصنوعی دل لگانے کا پروگرام دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اس مقصد کے لئے 40کروڑ روپے کا سامان (ایکوپمنٹ، ڈیوائسز، والوز) خریدا گیا تھا جو نہ لگنے کے باعث اسٹور میں سڑ رہا ہے۔
تازہ ترین