• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیامسئلہ کشمیر کو اٹھا رہی ہے،مولانا دھرنا کی تیاری کررہے ہیں،فرخ حبیب

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام’’ آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فرخ حبیب نے کہا کہ دنیا مسئلہ کشمیرکو اٹھا رہی ہے،مولانا فضل الرحمٰن دھرنا دینے کی تیاری کررہے ہیں ، رہنما جے یو آئی حافظ حمداللہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کو لاعلاج بیماریاں لاحق ہوچکی ہیں جن کاکسی دوائی سے علاج نہیں ہوسکتا ۔پی ٹی آئی کا سیاسی جنازہ پڑھانے اسلام آباد آرہے ہیں۔رہنما مسلم لیگ نون جاوید لطیف نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ احتجاج دھاندلی یا کسی کی رہائی کیلئے نہیں بلکہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ہے ۔ رہنما تحریک انصاف فرخ حبیب نےکہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ساٹھ دن سے کرفیوہے دنیا کشمیر کے مسئلے کو اٹھا رہی ہے جبکہ فضل الرحمان دھرنا دینے کی تیاری کررہے ہیں۔کسی کی خواہش پر فیصلے نہیں ہوں گے ۔فضل الرحمان کو الیکشن میں بدترین شکست ہوئی ہے وہ ذاتی مقاصد کیلئے احتجاج کی سیاست کررہے ہیں ۔ماضی کے حکمرانوں نے قوم کوقرضوں میں جھونک دیا ۔ حکومت نے 10ارب ڈالر کے قرضے واپس کئے ہیں جو ریکارڈ کا حصہ ہے ۔تاجروں کے ایک گروپ نے آج سڑکوں پر احتجاج کیا ہے لیکن ان کے ساتھ بھی مذاکرات کررہے ہیں۔ریفارمز ہمیشہ مشکل ہوتی ہیں ۔معمولی سم کارڈ پربھی شناختی کارڈ دکھانا پڑتا ہے اگر کوئی صارف زیادہ خریداری کرے تو اسے شناختی کارڈ کی نقل دینے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا ۔جب کرپشن کی بات ہوتی ہے اپوزیشن کے لوگ برامان جاتے ہیں ۔چیف جسٹس کرپٹ سیاستدانوں کیلئے سیسیلین مافیا جیسے الفاظ بیان کرچکے ہیں ۔احتجاج کی اصل وجہ بائیس کروڑ عوام نہیں 22کرپٹ لوگ ہیں۔نون لیگ اور پیپلزپارٹی کو رینٹ اے کراوٴڈ کی ضرورت ہے انہیں مولانافضل الرحمان کاسہارا ہے لیکن وہ کچھ نہیں کرسکیں گے۔رہنما جے یو آئی حافظ حمداللہ نے کہا کہ تمام جماعتیں متفق ہیں کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی۔حکومت عوامی امنگوں پر پورا اترنے میں ناکام ہوچکی انہیں گھر جانا ہوگا ۔پی ٹی آئی میں مختلف پارٹیوں کو کچرا جمع ہوچکا ہے ۔
تازہ ترین