• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کی 8ویں اونچی بلڈنگ پر انوکھے انداز میں شادی کی پیشکش، روسی جوڑا گرفتار

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

امریکا کے شہر نیویارک میں واقع مشہور ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کی چوٹی پر مبینہ طور پر شادی کی پیشکش اور احتجاجی بینر آویزاں کرنے والے روسی کلائمبر جوڑے کو گرفتار کر لیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق اس معاملے کی ویڈیو میں 2 افراد، جو چہرے پر ماسک اور سیاہ لباس میں ملبوس تھے، عمارت کے مرکزی اینٹینا کی چوٹی پر شادی کی پیشکش کرتے ہوئے دکھائی دیے۔

جوڑے نے تقریباً 443 میٹر (1,454 فٹ) کی بلندی پر ایک بینر بھی آویزاں کیا، جس پر درج تھا، جب محبت کی طاقت، طاقت کی محبت پر غالب آ جاتی ہے تو دنیا امن کو پہچان لیتی ہے۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دونوں افراد عمارت کے اس حصے تک کیسے پہنچے، کیونکہ مرکزی اینٹینا عمارت کے 102 منزلہ ڈھانچے کے اس حصے میں واقع ہے جہاں عام شہریوں کو رسائی حاصل نہیں۔

بعد ازاں جاری کی گئی نیویارک پولیس کے باڈی کیم کی فوٹیج میں ایک اہلکار کو سیڑھی کے ذریعے اینٹینا تک پہنچتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں اہلکار جوڑے سے پوچھتا ہے آپ دونوں کیسے ہیں؟ تیز ہوا کے باعث جوڑے کا جواب واضح طور پر سنائی نہیں دیتا، جس کے بعد اہلکار کہتا ہے آپ یہاں نہیں رک سکتے۔

بعد میں گرفتار کیے گئے افراد کی شناخت روسی کلائمبر وانیا بیرکس اور انجیلا نیکولاؤ کے نام سے ہوئی۔

یہ دونوں 2024 میں نیٹ فلکس کی دستاویزی فلم ’اسکائی واکرز – اے لو اسٹور‘ میں بھی نظر آ چکے ہیں، جس میں ان کی مشترکہ دلچسپی روف ٹاپنگ (Rooftoping) کو دکھایا گیا تھا۔ یہ ایک غیر رسمی اور انتہائی خطرناک سرگرمی ہے، جس میں لوگ بلند شہری عمارتوں پر بغیر حفاظتی انتظامات کے چڑھتے ہیں۔

دوسری جانب ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کے ترجمان نے ایک بیان میں اس واقعے کو غیر مجاز کارروائی قرار دیا۔

ترجمان نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر جوڑا منگنی کا اعلان کرنا چاہتا تھا تو انہیں عمارت کی جانب سے پیش کیے جانے والے ’ہیپیلی ایوور ایمپائر پرپوزل پیکچ‘ سے فائدہ اٹھانا چاہیے تھا، جس کی قیمت 1 ہزار امریکی ڈالر ہے۔

حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ گرفتار افراد کے خلاف کون سی قانونی دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

دلچسپ و عجیب سے مزید