• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی ملزمہ کو ضرور واپس لائیں گے، والدین ہیری ڈن

لندن (پی اے) حادثے میں ہلاک ہونے والے موٹر سائیکل سوار نوجوان کے والدین نے کہا کہ حادثے کی ذمہ دار امریکی سفارت کار کی بیوی کو ضرور یوکے واپس لائیں گے اس کے لئے اگر امریکہ سے ہمیں واشنگٹن جانا پڑا تو ہم ضرور جائیں گے، 19سالہ ہیری ڈن، نورٹ ہیمپٹن شائر میں اگست میں سڑک کے حادثے میں ہلاک ہوگیا تھا۔ حادثے میں مبینہ ملوث این سکولاس پولیس کو چکما دے کر امریکہ بھاگ گئی تھی۔ وزیراعظم بورس جانسن امریکہ سے تاکیداً کہہ چکے ہیں کہ خاتون کو دی جانے والی امیونٹی پر نظرثانی کرے، دریں اثناء نورٹ ہیمپٹن شائر کے چیف کانسٹیبل اور پولیس و کرائم کمشنر نے بھی امریکیوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ خاتون کو دی گئی ڈپلومیٹک امیونٹی کو ختم کردیں۔ غمزدہ والد ٹم ڈن نے کہا کہ بورس جانسن سے جتنی امید تھی اتنی سپورٹ ملی ہے، ہوسکتا ہے ٹرمپ اس پر توجہ دیں اور ہماری بات سنی جائے، ہیری کی ماں چارلٹ چارلس کا کہنا تھا کہ ہم نے کچھ امریکی نیوز چینلز سے بھی بات کی ہے اور دیگر سے بات کریں گے، ہمیں امریکہ سے بہت ساری سپورٹ ملی ہے، وہ ہمارے لئے دکھ اور افسوس کا اظہار کررہے ہیں۔ ہم نے تہیہ کرلیا ہے کہ ہم کیس کے انجام تک پہنچیں گے اور ہم نہیں رکیں گے، ہم نے قانونی مشاورت کرلی ہے اور ہم واشنگٹن جاکر صدر ٹرمپ سے استدلال کریں گے کہ نہ صرف سکولاس کی امیونٹی ختم کی جائے بلکہ ڈپلومیٹک امیونٹی سے متعلق قوانین کا بھی جائزہ لیں، تاکہ میری طرح کوئی اور ماں اپنے بیٹے کی موت نہ دیکھے۔ ویانا کنونشن کے مطابق سفارت کار اور ان کے خاندان کے تمام افراد اگر میزبان ملک کے شہری نہیں ہیں تو ان کو پراسیکوشن میں نہیں لایا جاسکتا۔ صرف ان کا اپنا ملک یہ امیونٹی ہٹا سکتا ہے، وزیر خارجہ ڈومینک راب نے امریکی سفیر اور امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ سے بھی بات کی ہے، فارن آفس کے ترجمان کے مطابق راب نے امریکی فیصلے پر اپنی مایوسی کی بار بار یاد دہانی کرائی اور تاکید کی ہے کہ وہ اس پر نظرثانی کریں۔
تازہ ترین