• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گڈانی ، لیڈی وارڈن کے لواحقین کا احتجاج ،قومی شاہراہ بلاک

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)گڈانی جیل میں قتل ہونے والی لیڈی وارڈن کے لواحقین کا جیل کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، قومی شاہراہ بند کر دی گئی، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔حکام کی یقین دہانی کے بعد شاہراہ ٹریفک کے لئے کھول دی گئی۔ انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی غم سے نڈھال ماں اور بہن بے ہوش ہو گئیں۔ گڈانی جیل میں غیرملکی قیدی خواتین کے ہاتھوں قتل ہونے والی لیڈی کانسٹیبل وارڈن زویا کے لواحقین نے گزشتہ روز گڈانی جیل کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور جیل انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی دوران احتجاج غم سے نڈھال ماں اور بہن بے ہوش ہوگئیں۔ لواحقین انصاف کی فراہمی کے لیے سڑکوں پر نکل آئیں خواتین نے گڈانی کراس پر کراچی ٹو کوئٹہ شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے شاہراہ بلاک کردی۔ جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا دو گھنٹے تک شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند رہی۔ اس موقع پر مظاہرین نے جیل انتظامیہ کے خلاف سخت نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور ہمیں حقائق سے آگاہ کیا جائے ۔ خواتین نے صحافیوں کو بتایا کہ جیل انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی سے اتنا بڑا سانحہ رونما ہوا ہماری بیٹی کو انصاف فراہم کیا جائے اور واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائےیقین دہانی پر مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے ۔ 
تازہ ترین