• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام کے نام پر اسلام آباد پر قبضے کی کوشش مناسب نہیں، قاسم سوری

قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کا کہنا ہے کہ اسلام کے نام پر اسلام آباد پر قبضے کی کوشش کرنا مناسب نہیں ہے۔

قاسم خان سوری بطور ایم این اے بحالی کے بعد کوئٹہ پہنچے تو پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ان کا استقبال کیا، قاسم سوری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عدالتیں آزاد ہیں، اُنہیں آئندہ بھی سپریم کورٹ سے امید ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میرے خلاف 52 ہزار جعلی ووٹ ڈالےجانے کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا گیا، میرے تو اپنے 25 ہزار 900 ووٹ ہیں، میرے اور لشکری رئیسانی کے ووٹ بھی اکٹھے کر دیئے جائیں تو وہ بھی 46 ہزار بنتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: قاسم سوری کیخلاف الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ معطل

قاسم سوری کا کہنا تھا کہ لوگوں نے افواہیں پھیلا کر الیکشن کو متنازع بنانے کی کوشش کی، میرا کیس سپریم کورٹ میں ہے، سپریم کورٹ نےمجھے بحال کیا، مجھے آئندہ بھی سپریم کورٹ سےبہت امید ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کی کوشش کر رہی ہے، کوئٹہ کا پہلا ایم این اے ہوں جس کو قومی اسمبلی میں کوئی ذمے داری ملی۔

قاسم سوری نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں کوئٹہ کی بھرپور نمائندگی کی کوشش کرتا ہوں اور کوئٹہ میں سوئی گیس کے مسئلے کے حل کے لیے پوری کوشش کرتا رہا ہوں۔





انہوں نے جے یو آئی کے احتجاجی مارچ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ سیاست میں احتجاج سب کا حق ہے، آپ احتجاج کریں، لیکن مذہب کی آڑ میں احتجاج نامناسب ہے، چندوں کی پرچیوں پر ناموسِ رسالت کے حوالے سے لکھا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ناموسِ رسالت کے حوالے سے اقوام متحدہ میں بھرپور آواز اٹھائی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں قاسم سوری نے کہا کہ جے یوآئی کے مارچ کے حوالے سے جہانگیر ترین کو پارٹی ٹاسک دیئے جانے کا علم نہیں، وہ ہمارے دیرینہ ساتھی ہیں، پارٹی میں وہ بہت محنت کرتے ہیں، جہانگیر ترین کو جو ٹاسک ملتا ہےاس میں شک نہیں کہ وہ اسے پورا کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی جانب سے نااہلی کے خلاف دائر درخواست پر حکمِ امتناع جاری کرتے ہوئے ان کے خلاف الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ معطل کر دیا تھا اور حکم دیا تھا کہ وہ بدستور رکن قومی اسمبلی رہیں گے۔

تازہ ترین