• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

نیا کیس، نیب آج نوازشریف کو جیل سے گرفتار کرے گی

نیب آج نوازشریف کو جیل سے گرفتار کرے گی

لاہور (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کیلئے نیاکیس تیار کرلیاگیا اور نیب آج (جمعہ کو) نواز شریف کو جیل سے گرفتار کرےگی جس کیلئے نیب لاہورکو وارنٹ موصول ہوگئے ہیں ، گرفتاری کے بعد نیب کے ڈے کیئر سینٹر کو سب جیل کا درجہ دیا جائے گا ، نواز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کرکے 15روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

دوسری جانب چوہدری شوگر مل میں بھی نواز شریف سے تفتیش کی اجازت دیدی گئی ہے ۔

نیب کی انوسٹی گیشن ٹیم کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں ، تفتیش میں تعاون نہیں کرتے،گرفتاری ضروری ہے جبکہ نواز شریف کے وکیل اعظم نذیر تاڑرنے کہا ہے کہ نواز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری ہو چکے ہیں اس لیے انہیں آج نیب عدالت پیش کیا جائے گا۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ ن نے کارکنوں کو عدالت پہنچنے کی ہدایت کردی ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کیلئے نیاکیس تیار کرلیاگیا۔

سابق وزیراعظم کو آج احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا جائے گا، انہیں چوہدری شوگر ملز کیس میں پیش کیا جانا ہے۔

نیب لاہور کی طرف سے آج اس کیس میں ان کی گرفتاری کا بھی امکان ہے،چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی چوہدری شوگرملز میں گرفتاری کی منظوری دے دی۔

نیب لاہور کو میاں نوازشریف کے گرفتاری وارنٹ موصول بھی ہوگئے۔ نیب لاہور کے ذرائع نے بتایا کہ چوہدری شوگر ملز میں نوازشریف مرکزی ملزم ہیں جن سے نیب حکام تفتیش کرنا چاہتے ہیں۔

جبکہ نیب لاہور کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم سے نوازشریف جیل میں تفتیش کے دوران تعاون نہیں کرتے جس وجہ سے گرفتاری ضروری ہے۔ نوازشریف کیلئے نیب ڈے کیئر سینٹر کو سب جیل کا درجہ دیا جائے گا جبکہ سکیورٹی کیلئے اضافی نفری تعینات رہے گی۔

ذرائع کے مطابق نیب نےسابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے جیل میں تفتیش کیلئے درخواست دے رکھی ہے۔ آج نیب حکام نواز شریف کی گرفتاری ڈالنے کے بعد 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گا۔ شریف خاندان پر چوہدری شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

نیب کی درخواست پر احتساب عدالت کے جج امیر محمد سماعت کرینگے۔ذرائع کے مطابق احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سکیورٹی حکام صبح 7 بجے احتساب عدالت کے اردگرد سڑکیں بند کر دینگے۔ دوسری طرف لاہور کی احتساب عدالت لاہور نے چوہدری شوگر ملز کیس میں نواز شریف سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی۔

نیب کی جانب سے پراسیکوٹر خافظ اسد اعوان نے درخواست دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں ،

نیب کو چوہدری شوگر ملز کیس میں میاں نواز شریف سے تفتیش کرنی ہے،جیل کا قیدی ہونے کی وجہ سے میاں نواز شریف تفتیش کیلئے نیب آفس پیش نہیں ہو سکتے، لہٰذا عدالت جیل میں میاں نواز شریف سے تفتیش کی اجازت دے۔

عدالت نے نیب کی درخواست پر میاں نواز شریف سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی۔

ادھر نواز شریف کے وکیل اعظم نذیر تاڑر نے کہا ہے کہ نواز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری ہو چکے ہیں اس لیے اُنھیں آج نیب عدالت پیش کیا جائے گا ۔

جنگ کے رابطہ کرنے پرانہوں نے کہا کہ میں اور خواجہ امجد پرویز بطور وکلاء اس مقدمہ میں نواز شریف کی جانب سے پیش ہوں گے۔ اعظم نذیر تاڑر نے کہا کہ چوہدری شوگر ملز کیس میں نیب نے نواز شریف کی گرفتاری ڈال دی ہے اس لئے نیب حکام نواز شریف کو آج احتساب عدالت لاہور پیش کریں گے۔

دوسری طرف (ن) لیگ نے رہنمائوں اور کارکنوں کو نواز شریف کی احتساب عدالت میں ممکنہ پیشی کے موقع پر اظہار یکجہتی کیلئے احتساب عدالت کے باہر پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔

تازہ ترین