• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن میں مزید دو نوجوان چاقو زنی کی بھینٹ چڑھ گئے

لندن (پی اے) لندن کےمختلف علاقوں میں دو نوجوان چاقو زنی کے واقعات میں ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق سٹراٹفورڈ میں شاپنگ سینٹر کے باہر 15 سالہ لڑکے کو چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا گیا۔ ٹین ایج ایسٹ لندن میں سٹراٹفورڈ براڈوے پر شاپنگ سٹینر کے باہر زخمی حالت میں ملا تھا۔ پولیس کو یقین ہے اس لڑکے کو بس کے اندر یا پھر بس سے اترتے ہی نشانہ بنایا گیا۔ ایک اور 15 سالہ ٹین ایجر بھی چاقو کے وار سے زخمی حالت میں ملا لیکن اس کے زخم مہلک نہیں ہیں اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ سکاٹ لینڈ یارڈ نے کہا کہ ان دونوں واقعات میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ ڈیٹیکٹیو انسپکٹر کرس سول نے کہا کہ بس کے اندر جھگڑے کے دوران یا سٹراٹفورڈ برڈوے پر شاپنگ سینٹر کے باہر بس سے اترنے کے فوری بعد لڑکے پر چاقو سے حملہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چاقو زنی کا نشانہ بننے والا سکول کا طالبعلم تھا اور اس کی پوری زندگی باقی تھی۔ ٹین ایجر کے قتل کی اس واردات کے کمیونٹی پر بلاشبہ تشویش ناک اثرات مرتب ہوں گے۔ پولیس نے کہا کہ لڑکے کے دوستوں اور عوام نے زخمی کو فرسٹ ایڈ فراہم کی تھی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اس کے لواحقین کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ دوسرا زخمی ٹین ایجر لندن ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ پولیس کے مطابق اس واقعے کے پانچ گھنٹے بعد ایک علیحدہ واقعے میں جنوبی لندن میں 18 سالہ نوجوان کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسے کیمبرویل میں برینڈن اسٹیٹ کے قریب 18 سالہ شخص چاقو کے وار سے زخمی حالت میں ملا، یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق 20.20 پر پیش آیا۔ پولیس نے کہا کہ نوجوان ایک گھنٹے کے بعد موقع پر ہی ہلاک ہو گیا اور اس ہلاکت کے سلسلے میں بھی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ میئر لندن صادق خان کا کہنا ہے کہ انہیں دو ٹین ایجرز کی ہلاکت کی خبروں پر انتہائی صدمہ ہوا، یہ واقعات انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ برطانوی دارالحکومت میں سال رواں میں 110 افراد ہومیسائیڈ کا شکار ہو چکے ہیں، جن میں سے 70 افراد چاقو زنی کا نشانہ بنے ہیں۔ میئر لندن نے کہا کہ یہ تباہ کن اور تشویش ناک صورت حال ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سٹراٹفورڈ میں لڑکے کی ہلاکت کے مقام پر بڑا کرائم سین موجود ہے، جس مقام پر ٹین ایجر کی موت واقع ہوئی تھی، وہاں نیلے اور سفید ٹینٹ لگائے گئے ہیں۔ بہت سے بچے یہاں سے گزر کر سکول جا رہے ہیں اور وہ اس کرائم سین کو دیکھ رہے ہیں۔ لوگ اس جگہ کی تصاویر اور ویڈیوز بھی بنا رہے ہیں۔ سڑک کے دوسری جانب جہاں ایک اور ٹین ایجر زخمی ہوا تھا، پولیس نے محاصرہ کر رکھا ہے اور اس وااقعے کی انویسٹی گیشن جاری ہے۔ پولیس آفیسرز نے نیو ہیم میں دفعہ 60 آرڈر کے تحت سٹاپ اینڈ سرچ میں اضافہ کر دیا ہے۔ پولیس نے براڈوے کا بڑا علاقہ بند کر دیا ہے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ حملہ میکڈونلڈ کے باہر ہوا تھا۔ اس وقت وہاں زیادہ لوگ نہیں تھے، میں نے واضح طور پر دیکھا کہ ٹین ایجر خون میں لت پت تھا۔ وہ درد کی شدت سے کراہ رہا تھا۔ اس نے کھڑے ہونے کی کوشش کی۔ اس کے گرد لوگ بھی جمع ہو گئے تھے۔

تازہ ترین