قومی ادارہ برائے صحت کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہے جبکہ اس مرض میں مبتلا 250 سے زائد افراد کی اموات ہو چکی ہیں۔
سرکاری ریکارڈ کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 27 ہزار ہے، جبکہ 44 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز جڑواں شہروں راول پنڈی اسلام آباد میں سامنے آئے جن کی تعداد 25 ہزار کے قریب ہے۔
راول پنڈی، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں ڈینگی نے تباہی مچا دی ہے، ایک ایک گھر میں کئی کئی افراد ڈینگی کا شکار ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں ایک اور ڈینگی کی مریضہ چل بسی
اسلام آباد کے صرف 2 بڑے اسپتالوں پمز اور پولی کلینک میں ہی ڈینگی کے ساڑھے 8 ہزار سے زائد پازیٹو کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
قومی ادارۂ صحت کے ذرائع کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 25 ہزار کے قریب ہے، اب تک جڑواں شہروں میں ڈینگی سے 35 ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں، جمعے کو بھی ہولی فیملی اسپتال میں مورگاہ کا رہائشی آزاد نامی شخص جاں بحق ہو گیا۔
جمعے کی شام تک مجموعی طور پر ساڑھے 7 سو سے زائد مریض جڑواں شہروں کے اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، متاثرہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کی تعداد 35 ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ڈیڑھ سو سے زائد اہلکار بھی ڈینگی کا شکار ہو چکے ہیں۔
این آئی ایچ کے ذرائع کے مطابق رواں سال ملک بھر میں ڈینگی سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہو چکی ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیٹا کلیکشن سینٹرز کو سختی سے ہدایات کی گئی ہیں کہ کسی قسم کے اعداد و شمار ظاہر نہیں کرے۔
یہ بھی پڑھیئے: شہباز شریف نے ڈینگی کو کیسے شکست دی!
دوسری جانب سرکاری ریکارڈ کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 27 ہزار ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 44 ہے۔
موسم قدرے سرد ہونے پر ڈینگی کیسز میں 20 فیصد کمی آئی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ درجۂ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہو گا تو ڈینگی کا از خود خاتمہ ہو جائے گا۔ -