مسلم لیگ ن کے لاہور میں ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، صدر شہباز شریف نے دوران اجلاس کہا کہ نواز شریف کا حکم سر آنکھوں پر ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن لاہور میں ن لیگ کا اجلاس ہوا، جس میں آزادی مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا خط پڑھ کر سنایا اور شرکاء سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف کا حکم سر آنکھوں پر ہے۔
ذرائع کے مطابق شہبازشریف کمر درد کے باعث لاہور میں ریلی کی قیادت کریں گے جبکہ احسن اقبال و دیگر سینئر قائدین آزادی مارچ میں شرکت کریں گے۔
دوسری طرف ن لیگی صدر میاں شہبازشریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کے لیے پارٹی رہنماؤں پر مشتمل 3 رکنی وفد تشکیل دے دیا ہے۔
وفد پارٹی قائد نواز شریف کے خط کی روشنی میں پارٹی حکمت عملی سے مولانا فضل الرحمٰن کو آگاہ کرے گا۔
شہباز شریف نے ن لیگ کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کی سربراہی میں 3 رکنی وفد تشکیل دیا ہے، جس کے دیگر دو اراکان میں امیر مقام اور پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب شامل ہیں۔
پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں احسن اقبال نےنواز شریف کے خط کی روشنی میں کل (اتوار ) وفد کی صورت میں مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کا اعلان کیا تھا۔