• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر سے 70 فیصد کچرا اٹھالیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

شہر سے 70 فیصد کچرا اٹھالیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ


وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ شہر سے 70 فیصد کچرا اٹھا لیا گیا ہے، سڑکوں کی حالت بہت خراب ہے ان کی مرمت اور تعمیر پر بھی توجہ دیں گے۔

کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام کو بھی صفائی مہم میں ہمارے ساتھ تعاون کرنا ہوگا جبکہ مہنگائی کے طوفان کا وفاقی حکومت سے حساب لیا جائے گا۔

انہوں نے کراچی کے علاقوں میں دورے کے دوران صفائی مہم کا جائزہ لیا اور کہا کہ جو افسر صفائی مہم میں کام نہیں کر ے گا اسے فارغ کردیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ صفائی مہم کے جائزے کے لیے صبح سویرے ہی نکل پڑے، صدر موبائل مارکیٹ کے قریب کچرا دیکھ کر برہم ہوگئے۔

انہوں نے کمشنر کو ہدایت کی کہ دکانداروں سے بات کی جائے گی اور اگر نہ مانیں تو پولیس کارروائی کرے۔

مراد علی شاہ نے ضلع جنوبی، کورنگی اور ملیر میں صفائی مہم جائزہ لیا اس کے بعد شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ ملیر بکرا پیڑی پہنچے جہاں سڑک پر تعمیراتی سامان دیکھ کر ان کا کہنا تھا کہ کچھ افسر ان بات نہیں سن رہے کچھ کو فارغ کرنا پڑے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ قائد آباد مرغی خانہ اسٹاپ سے تجاوزات ہٹانے کے لیے پہنچے اور داؤد چورنگی کی تعمیر مکمل کرنے کا حکم دیا۔

مراد علی شاہ بھینس کالونی زیرو پوائنٹ کی سڑک کا معائنہ کرنے پہنچے تو وہاں جیالے آپس میں الجھ پڑے۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ منگھو پیر پہنچے اور علاقے کا دورہ کیا، منگھو پیر مزار پر حاضری بھی دی، وہ اورنگی ٹاؤن مومن آباد بھی گئے جہاں کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔

تازہ ترین