• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان  کے دورہ تہران کا اعلامیہ جاری


وزیراعظم عمران خان کے دورہ ایران کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا دورہ تہران خلیج میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اقدامات کا حصہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ایران کے صدر حسن روحانی کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ تاریخی، ثقافتی تعلقات کو اجاگر کیا۔

عمران خان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا، ایران کے ساتھ مضبوط تعلقات پاکستان کی ہمیشہ ترجیح رہی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر پر ایران کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے صدر حسن روحانی کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل لاک ڈاون کی صورت حال ہے، بھارت کے 5 اگست کے غیر قانونی و یکطرفہ اقدامات سے خطے میں امن و سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے خلیج کی موجودہ صورتحال میں فوجی ٹکراؤ سے بچنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیے: ایران اور سعودیہ میں جنگ نہیں چاہتے، وزیرِ اعظم

وزیراعظم نے کہا کہ تمام فریقین تعمیری بات چیت کا راستہ اختیار کریں، پاکستان کشیدگی میں کمی کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیر کاز کے لیے ایرانی سپریم لیڈر کے ذاتی عزم کو پاکستانی عوام انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وزیر اعظم نے ایرانی سپریم لیڈر کو علاقائی امن و سلامتی کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم کی ایرانی قیادت سے ملاقاتیں تعمیری اور حوصلہ افزا رہیں، ایران نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔

تازہ ترین