• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

50 لاکھ مشکل ہدف، ملتان میں 384فلیٹس بنائینگے،محمودالرشید

ملتان (نمائندگان جنگ) حکومت پنجاب کی جانب سے ملتان میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا آغازکردیا گیا ہے،لودھراں میں منصوبہ شروع ہوچکا۔

اس ضمن میں مدنی چوک پر سرکاری اراضی کو نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کیلئے مختص کردیا گزشتہ روز صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے ملتان میں منصوبے کی مجوزہ جگہ کا دورہ کیا اور محکمہ ہاؤسنگ سے تفصیلی بریفننگ لی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا کہ 50لاکھ مشکل ہدف، ملتان میں 384فلیٹس بنائینگے،حکومت مستحق افراد کو اپنی چھت کی فراہمی کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کررہی ہے۔

50لاکھ گھر بہت بڑا اور مشکل ہدف ہےمکم آمدنی والے گھرانوں کیلئے سہ منزلہ فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے۔

مہنگائی روکنے کیلئے پرائس کنٹرول اتھارٹی قائم کی جارہی ہے عوام تھوڑا صبر کرےصوبائی وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ اس سلسلے میں ملتان میں ابتدائی طور پر جدید طرز کے فلیٹس کو 30 لاکھ مالیت میں آسان اقساط پر دیا جائے گا اور مدنی چوک پر 23 کنال سے زائد اراضی پر 384 فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے۔

میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ سکیم میں مسجد ،چاردیواری،پارک اور جدید ہیلتھ سنٹر بھی قائم کیا جائے گا حکومت پنجاب کی جانب سے رواں برس منصوبے پر عملی کام کا آغاز کردیا جائے گا جبکہ شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹیز کا اعلان کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ مظفرگڑھ روڈ پر بھی نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کا آغاز کیا جائے گا جہاں کم آمدنی والا ہر شہری اپنے گھر کیلئے درخواست دے سکتا ہے لودھراں میں کم آمدنی والے گھرانوں کیلئے سکیم کا آغاز کردیا گیا ہے۔

حکومت نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں نجی سیکٹر کو بھی شامل کررہی ہے۔اس موقع پر معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب جاوید اختر انصاری اور ایم پی اے ظہیرالدین علیزئی چئیرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔

ڈائریکٹر پھاٹا طاہر انصاری نے شرکاء کو ہاؤسنگ سکیم پر بریفننگ دی۔

علاوہ ازیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ دھرنے والے مولانا فضل الرحمٰن ذاتی مفادات کیلئے کشمیر ایشو سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کو اس نازک موقع پر کشمیر کاز پر دھرنا دینا چاہئے، دھرنے میں ابھی دو ہفتے باقی ہیں حکومت اپنی حکمت عملی تیار کرچکی ہے دھرنا کینسل ہونے کے علاوہ کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

صوبائی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مہنگائی روکنے کیلئے پرائس کنٹرول اتھارٹی قائم کی جارہی ہے عوام تھوڑا صبر کرے معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے سخت اقدامات کے مثبت نتائج آرہے ہیں جلد ہی عوام کو حکومتی اقدامات سے ریلیف ملنا شروع ہوجائے گا۔ اس موقع پر حاجی یسین انصاری، وقاص جاوید انصاری، چوہدری الیاس، رانا ندیم، حاجی یونس انصاری، محمد امین انصاری، شکیل سخاوت انصاری، امجد علی انصاری ایڈووکیٹ، حاجی عبدالقادر، فصیح اللہ، عبیداللہ، ملک اسرارڈوگر، حاجی صدیق، یونس جاوید، غضنفر چوہدری، محمود انصاری ، حاجی یونس، چوہدری یونس انصاری وائس چیئرمین اورلوگوں کی کثیر تعداد موجودتھی۔

تازہ ترین