الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سمیت کئی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو حتمی نوٹسز جاری کردیے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ندیم حیدر کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین سمیت کئی رہنماؤں کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر حتمی نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے دوسرا اور حتمی نوٹس بلاول بھٹو زرداری، نثار کھوڑو، ناصر شاہ، مکیش کمار چاؤلہ، شرجیل انعام میمن، شبیر بجارانی، سردار خان چانڈیو، سہیل انور سیال سمیت دیگر کو جاری کیا ہے۔
ندیم حیدر نے مزید کہا کہ آج پہلے نوٹس کا جواب جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی، بلاول بھٹو سمیت کسی نے بھی جواب جمع نہیں کرائے، جس پر انہیں حتمی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے نوٹسز حلقہ پی ایس 11 کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر جاری کیے ہیں، 12 اکتوبر کو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں لاڑکانہ میں ریلی نکالی گئی تھی۔
بلاول نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ لاڑکانہ کی عوام کسی کٹھ پتلی حکومت کے ساتھ نہیں ہے، 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسہ کریں گے۔
سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 11 لاڑکانہ میں 17 اکتوبر کو ضمنی انتخاب ہونا ہے، یہ نشست گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رکن اسمبلی معظم علی کو سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔