وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز سے ریاض میں ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم اور سعودی فرمانروا نے دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت کی۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے۔
عمران خان سعودی عرب اور ایران کے درمیان مصالحت کے سلسلے میں تہران کے بعد ریاض کے ایک روزہ دورے پر ہیں۔
وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ اور دیگر حکام بھی موجود ہیں۔
ریاض ایئرپورٹ پر گورنر فیصل بن بندر اور وزیر مملکت و نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر مساعد بن محمد نے ان کا استقبال کیا۔
عمران خان اپنے دورے کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم کا ایک سال میں سعودی عرب کا یہ تیسرا دورہ ہے، انہوں نے اپنے دورۂ چین کے بعد مسلم دنیا کے دو بڑے ملکوں ایران اور سعودی عرب میں مصالحت کی کوششیں تیز کردی تھیں۔
انہوں نے اس سلسلے میں اتوار کو ایران کا ایک روزہ بھی کیا تھا، جہاں انہوں نے تہران میں ایرانی صدر حسن روحانی، سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای اور وزیر خارجہ جواد ظریف سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں۔