اسلام آباد(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ 22 کروڑ عوام حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے بے چینی اور اندیشوں کا شکار ہیں لیکن حکمران ٹینشن کو کم کرنے کے لیے بیرونی دورے کر رہے ہیں۔غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری میں ہوشربا اضافہ ہورہاہے۔حکومت کی معاشی پالیسی”غریب کو نچوڑو اورآئی ایم ایف کو دو “کے مرکزی نقطہ کے گرد گھوم رہی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اور نائب امیر لیاقت بلوچ کے ساتھ ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ایف اے ٹی ایف کے خطرات کم ہونے سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔معاشی اعشاریے مسلسل ناکامی اور زبوں حالی کی بھیانک تصویر پیش کر رہے ہیں۔حکومت کا سب سے بڑا دعویٰ احتساب کرنے اور کرپشن پر قابو پانے کا تھا مگر کرپشن مزید دو فیصد بڑھ گئی ہے۔