چترال میں مسافر کوچ دریا میں گر گئی جس کے نتیجے میں 6 مسافر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، حادثے میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
چترال کے علاقے راغلشٹ میں مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث دریا میں جاگری، حادثے میں 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے۔
اطلاع ملنے پر مقامی افراد اور پولیس جائے حادثہ پہنچ گئی، جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو حادثے کا شکار بس سے نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر اسپتال منتقل کیا۔
مسافر کوچ ترچ میر جا رہی تھی، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ پتہ لگایا جا سکے کہ حادثہ کس وجہ سے پیش آیا ہے۔
اس سے قبل آج کراچی اور نوشہرو فیروز میں بھی 2 ٹریفک حادثات پیش آئے ہیں۔
کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر ایک تیز رفتار مسافر بس سڑک پر موجود گڑھے کی وجہ سے بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 2 مسافر زخمی ہو گئے، جنہیں سول اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔
یہ بھی پڑھیئے: نوشہرو فیروز میں کوچ الٹ گئی، 6 مسافر جاں بحق
ادھر سندھ کے شہر نوشہرو فیروز میں مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث مورو کے قریب سڑک پر الٹ گئی۔
حادثے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہو گئے، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔