• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

مذاکرات، حکومت تیار، مولانا کا انکار، آزادی مارچ پر بات چیت کیلئے پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی قائم

اسلام آباد (جنگ نیوز)وزیر اعظم عمران خان کی حکومت نے آزادی مارچ روکنے کیلئے مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کیا ہے تاہم مولانا فضل الرحمٰن نے انکار کردیا ہے۔

آزادی مارچ پر بات چیت کیلئے وزیراعظم نے وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے۔

اپوزیشن کے جائز تحفظات ضرور سنیں گے، وزیراعظم 

عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو اس وقت معیشت اور کشمیر جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ 

اپوزیشن کے جائز تحفظات ضرور سنیں گے، سیاسی حل کیلئے مذاکرات کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔ 

مذاکراتی کمیٹی دوسری اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کریگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کا معاملہ حکومتی اور پارٹی سطح پر زیر بحث لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

اس سلسلے میں وزیراعظم کی زیرصدارت تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز بنی گالہ سیکرٹریٹ میں ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سمیت وفاقی وزراء اور تحریک انصاف کی سینئر قیادت شریک ہوئی۔ 

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آزادی مارچ کے حوالے سے مذاکرات کیلئے وزیر دفاع پرویزخٹک کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے اور انہیں ہدایت کی ہے کہ سیاسی حل کیلئے کمیٹی کے ارکان کا انتخاب خود کریں۔ 

مذاکراتی کمیٹی میں چاروں صوبوں سے پارٹی نمائندے شامل ہونگےجبکہ ارکان کے ناموں کو جلد حتمی شکل دی جائیگی ۔کمیٹی جے یو آئی (ف) کے علاوہ دوسری اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کریگی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کواس وقت اوربھی خطرات درپیش ہیں، ہم کشمیر کا مقدمہ عالمی فورمز پر لڑ رہےہیں، حکومت کو معیشت اور کشمیر جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، حکومت اپوزیشن کے جائز تحفظات ضرور سنے گی۔

جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ سیاسی حل کیلئے مذاکرات کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔ عمران خان کا معیشت کے حوالے سے کہنا تھا کہ ملکی معیشت مشکل حالات سے باہر نکل چکی ہے، بہت جلد معاشی مسائل حل ہونا شروع ہوجائیں گے۔

تازہ ترین