ملتان کے علاقے 13 ایم آر میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 4 ڈاکو مارے گئے جو کہ شہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہورہے تھے۔
پولیس کے مطابق چاروں ملزمان بسم اللہ چوک کے قریب شہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہورہے تھے۔ پولیس نے تعاقب کیا تو ملزمان نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی، جوابی فائرنگ میں چاروں ملزمان ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے ملزمان نے مخدوم رشید کے علاقے میں 5 اور 6 اکتوبر کی درمیانی شب ایک مکان میں ڈکیتی کے دوران لڑکی سے زیادتی اور اسکی ماں کو گلا دبا کر قتل بھی کیا تھا۔
آئی جی پنجاب نے آر پی او اور سی پی او ملتان سے واقعےکی رپورٹ طلب کی تھی۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی تین ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں تھیں ۔