لاہور،الہ آباد(سٹاف رپورٹر،ایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کچھ لوگ 73ء کے متفقہ آئین کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اگر آئین کو چھیڑا گیا تو ملک میں انتشار پھیلے گا اور پھر قوم کبھی ایک آئین پر متحد نہیں ہو سکے گی۔پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ عالمی استعمار کو اپنی وفاداری کا یقین دلانے کے لئے ایک دوسرے سے بڑھ کر آئین اور نظریہ پاکستان کے خلاف باتیں کر رہے ہیں،دوستی کے نام پر بھارتی جاسوس کو چھوڑنے والوں کو قوم ایک دن کے لئے برداشت نہیں کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور میں جماعت اسلامی پنجاب کے سابق امیر اور رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر وسیم احمد کی قیادت میں ملاقات کرنے والے چولستانی زعماء کے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹ کا بلوچستان سے پکڑے جانا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔نواز شریف کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ دوستی پاکستان میں بڑے بڑے گل کھلا رہی ہے ، نواز شریف شروع دن سے ہی بھارت میں اپنے بزنس کو ترقی دینے کیلئے مودی سرکار کے ساتھ دوستی کو مضبوط کرنے کیلئے بے چین نظر آرہے ہیں اور دوسری طرف ان کا دوست نریندر مودی دوبارہ پھر مشرق پاکستان والا کھیل کھیل کر بلوچستان کو پاکستان سے علیحدہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الہ آ باد میں صحافیوں کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔