کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن ٹیم نے کارروائی کے دوران ڈی ایس پی راؤ شفیع اللّٰہ کا قاتل اور جگر جلال کا اغواء کار گرفتار کر لیا۔
انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کے مطابق گرفتار ملزم عبدالواحد نے ساتھیوں سمیت سندھ کے مشہور لوک فنکار جگر جلال کو تاوان کی غرض سے اغواء کیا تھا اور انہیں شکار پور میں کچے کے علاقے لے گیا تھا۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ جگر جلال کی بازیابی کے لیے پولیس پارٹی نے کچے کے علاقے میں کارروائی کی تھی جس کے دوران ملزم کی فائرنگ سے ڈی ایس پی راؤ شفیع شہید ہوگئے تھے۔
انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم گرفتاری کے خوف سے بھاگ کر کراچی آگیا تھا، تاہم اب اس کی گرفتاری سے متعلق شکار پولیس کو اطلاع کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سندھ کے معروف فنکار جگر جلال بھائی، بھتیجے اور 2 شاگردوں کے ساتھ کچے کے علاقے گڑھی تیغو میں شادی کی ایک تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے جا رہے تھے کہ انہیں اغواء کر لیا گیا تھا۔