لاہور،چوہنگ،رائیونڈ(نمائندہ جنگ،صباح نیوز) لاہور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مذاکرات سے سیاستدان کبھی انکارنہیں کرتا۔ مذاکرات کامیاب نہ ہوں تو حادثات ہوتے ہیں اور حادثات سے سارا پراسیس رک جاتا ہے، مولانا فضل الرحمٰن سے گزارش ہے کہ مذاکرات کے دروازے بند نہ کریں۔ ہماری طرف سے دروازے کھلے ہیں، مولانا پہلے بھی استعمال ہوتے رہے ہیں،مولانا کوئی ایسی وجہ بتائیں کہ حکومت نے کہاں پرغلطی کی ہے۔ پہلے کشمیر کے اوپر پاکستان کا میڈیا 24گھنٹے چل رہا تھا اب وہاں مولانا فضل الرحمٰن چل رہا ہے، 27اکتوبر کشمیر کا دن ہے اور سارا بھارتی میڈیا کشمیریوں پر اور نازی ازم، مسولینی ،اور ڈکٹیٹر مودی کی بجائے فضل الرحمٰن پر پھنسا ہوا ہے، ان سے کہوں گا یہ وقت احتجاج کا نہیں ۔ان خیالات کا اظہار شیخ رشید نے رائیونڈ ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کرنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئےکیا۔