لاہور(نمائندہ جنگ،صباح نیوز)امریکہ نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار محمد شمیم خان کو ویزہ جاری کرنے سے انکار کر دیا ، ہائیکورٹ بارنے مطالبہ کیا ہے کہ ایک دن میں ویزہ جاری کیا جائے۔لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرحفیظ الرحمٰن چوہدری ، نائب صدر کبیر احمد چودھری ، سیکرٹری فیاض احمد رانجھا اور فنانس سیکرٹری عنصر جمیل گجر نے اپنے مشترکہ بیان میں امریکی سفارتخانہ کی جانب سے چیف جسٹس کو ویزا جاری نہ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ایک بڑے صوبہ کے چیف جسٹس کو ویزا دینے سے انکار کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی، چیف جسٹس کے عہدہ پر فائز شخصیت کو ویزا جاری نہ کرنے پر کئی سوالیہ نشان کھڑے ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی شرکت سے کانفرنس کے منتظمین محروم ہو گئے ہیں جو کہ ایک بہت بڑی زیادتی ہے۔انہوں نے امریکی سفارتخانہ سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو فوری ایک دن میں ویزا جاری کیا جائے تاکہ وہ کانفرنس میں شرکت فرما سکیں۔