• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ پنجاب قانون شکن عناصر کیخلاف بلاتفریق کارروائی پر متفق

وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ پنجاب قانون شکن عناصر کیخلاف بلاتفریق کارروائی پر متفق


وزیر داخلہ اعجاز علی شاہ اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قانون شکن عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی پر اتفاق کیا ہے۔

پنجاب میں امن و امان کے حوالے سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر اعجاز شاہ، چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، اعلیٰ سول و عسکری حکام، پرنسپل سیکریٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،اس موقع پر امن عامہ کی بہتری کےلیے پنجاب اور وفاق میں رابطے مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہوگی، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھا جائے اور داخلی و خارجی راستوں کی سخت چیکنگ کی جائے۔

عثمان بزدار نے یہ بھی کہا کہ شرپسند عناصر کی سرکوبی کے لیے پولیس نے جانفشانی سے فرائض سرانجام دیے، صوبے میں قانون کی عمل داری ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا، امن عامہ اور انسانی جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھنے کا حکم بھی دیا۔

تازہ ترین