وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارتی طیارے گرا کر اپنی صلاحیت منوا چکا ہے، بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی سے بھارت کو اندازہ ہو گیا ہے کہ پاکستانی فوج چوکنا ہے۔
بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر آج کی جانے والی بلااشتعال فائرنگ پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایل او سی کے اُس پار آباد لوگوں کاخیال رکھنا پڑتا ہے، بھارت کو ہر سفارتی محاذ پر پاکستان کے ہاتھوں ناکامی ہوئی ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر خان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی نہتےشہریوں پر فائرنگ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل واقعے کا نوٹس لیں، اس طرح کے واقعات خطے کو جنگ کی جانب لے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے ایل اوسی پر 5 کلومیٹر کے علاقے میں 6 لاکھ سے زائد آبادی ہے۔