اسلام آباد (این این آئی)انتخابی طریقہ کار کی شفافیت کی نگرانی کرنے والے فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک(فافن) نے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس-11 (لاڑکانہ 2) میں جمعرات کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے طریقہ کار میں بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا۔فافن رپورٹ کے مطابق کچھ پولنگ بوتھس میں ووٹرز بیلٹس کی رازداری کی خلاف ورزی کے چند واقعات سامنے آئے۔مذکورہ رپورٹ فافن کے 21 تربیت یافتہ مبصرین کی جانب سے 69 پولنگ اسٹیشنز کے اندر، باہر کی صورتحال اور انتخابی ماحول کے مشاہدے پر مبنی ہے،رپورٹ کے مطابق 2 سو 30 پولنگ بوتھس میں رازداری کی خلاف ورزی کے 18 واقعات ہوئے جس کی مختلف وجوہات تھیں جس میں الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں رازداری کی اسکرینز نہ لگانا، بیلٹ کے مقام پر ووٹر کا کسی اور فرد کو ساتھ لے کر جانا اور دوسرے ووٹر کا اپنے ووٹ کے انتظار میں بیلٹ کے انتہائی نزدیک کھڑے ہونا شامل ہیں۔