راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) راولپنڈی کینٹ بورڈ میں ایک ہفتے بعد دوبارہ شعبہ بلڈنگ کنٹرول میں بلڈنگ چیکرز کو تبدیل کر دیا گیا ہے، بعض کلاس فور اہلکاروں کو بھی بلڈنگ چیکر لگا دیا گیا ہے۔ زیادہ تر کو دو، دو وارڈ دیئے گئے ہیں۔ اس سے حکام کی غیرقانونی تعمیرات روکنے میں دلچسپی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ سلیم احمد کو وارڈ ون ٹو، جواد علی کو تین، یاسر سراج کو چار پانچ، آصف علی کو چھ سات، ارشد محمود کو آٹھ نو جبکہ عطاء الرحمان کو وارڈ دس اور دس اے کا بلڈنگ چیکر لگایا گیا ہے۔ کینٹ ایریاز میں غیرقانونی تعمیرات سے بلڈنگ پلان اور کمرشلائزیشن فیس کی مد میں کروڑوں کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایگزیکٹو آفیسر سبطین رضا کی کوشش ہے کہ غیرقانونی تعمیرات کو روکا جائے اور سپر چیکروں پر بھی چیکر لگایا جائے۔ مگر اس کیلئے ضروری ہے سپر چیکروں پر بھی چیکر لگایا جائے اور خود کینٹ ایریاز میں ہفتے میں ایک روز ضرور دورہ کرنا ہوگا جس سے عملہ کو ڈر ہو گا کہ اگر وہ غیرقانونی تعمیرات کا حصہ بنے تو یہ چیزیں جلد اوپن ہو جائیں ۔